بارسلونا۔ 19 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے سفیر متعینہ اسپین کو سارقوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ پو لیس اور سفارتی ذرائع نے بتایا کہ یہ اعلیٰ سطحی نوعیت کے جرم کا تازہ ترین واقعہ ہے ۔ اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز ایک سڑک پر حملہ آوروں نے سفیر مسعود خلیلی پر حملہ کردیا جو قلب شہر میں واقع ہے ۔ حملہ آوروں نے زمین پر گر کے ان کی قیمتی گھڑی اتارلی۔ مسعود خلیلی افغانستان کے قومی دن کی تقریبات میں حصہ لینے بارسلونا آئے ہوئے تھے اوراس افراتفری میں اُن کا پیر زخمی ہوگیا لیکن ان کی حالت مستحکم بنائی گئی ہے ۔ میڈرڈ میں واقع افغانستان کے سفارت خانہ سے جاری ایک بیان میں یہ بات بتائی گئی ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی دلچسپ ہوگا کہ بارسلونا کو یوروپ کا ایک ایسا شہر سمجھا جاتا ہے جہاں سیاحوں کی کثیر تعداد آتی ہے۔ تاہم حالیہ دنوں میں یہاں جرائم کی شرح میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جن میں اکثر و بیشتر غیر ملکی افراد کو نشانہ بنایا گیا ۔