واشنگٹن:28اگست (یو این آئی) امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) نے گرفتاریوں، زیر حراست افراد کی منتقلی اور ہجوم پر قابو پانے کے دوران استعمال کے لیے بجلی کے جھٹکے دینے کی صلاحیت رکھنے والے 6 ہزار جوڑے خصوصی دستانوں کی خریداری کا 16.7 ملین ڈالر کا معاہدہ منظور کر لیا ہے۔وفاقی ریکارڈ کے مطابق اس معاہدے کا نمبر موجود ہے اور یہ کینٹکی میں قائم کمپنی Compliant Technologies LLC کو دیا گیا ہے، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے جسم پر پہنے جانے والے برقی کنٹرول آلات تیار کرتی ہے۔معاہدے میں صرف دستانوں کی فراہمی ہی شامل نہیں بلکہ متعلقہ آلات، تکنیکی معاونت اور دیگر خدمات بھی شامل ہیں، جبکہ خریداری کا عمل تقریباً چھ ماہ کے دوران مکمل کیے جانے کی توقع ہے۔یہ دستانے عام حفاظتی یا گشتی دستانوں کی طرح استعمال کیے جا سکتے ہیں، تاہم ان میں ایک برقی نظام بھی موجود ہے جسے اہلکار ضرورت پڑنے پر فعال کر سکتا ہے۔ فعال ہونے کے بعد یہ دستانے براہِ راست انسانی جلد سے رابطے پر تکلیف دہ برقی جھٹکا دے سکتے ہیں۔ICE کے مطابق یہ آلات ایسے حالات میں استعمال کیے جائیں گے جہاں کوئی شخص ہدایات ماننے سے انکار کرے، جسمانی مزاحمت کرے یا اہلکاروں کے لیے قابو پانا مشکل ہو جائے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ یہ دستانے گرفتاری، مزاحمت کرنے والے زیرِ حراست افراد کی منتقلی، حراستی مراکز کے باہر ہنگامی صورتحال اور دیگر کشیدہ حالات میں استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ICE کا موقف ہے کہ اس ٹیکنالوجی کا مقصد اہلکاروں کو ایسا درمیانی درجے کا اختیار فراہم کرنا ہے جس سے بعض مواقع پر زیادہ شدید طاقت کے استعمال سے گریز ممکن ہو سکے۔ادارے کے مطابق یہ دستانے ایسے افراد کے خلاف استعمال کیے جا سکتے ہیں جو فعال یا غیر فعال مزاحمت کر رہے ہوں۔اسی طرح ایسے زیرِ حراست افراد کو قابو کرنے میں بھی یہ مددگار قرار دیے گئے ہیں جو اپنے ہاتھ چھپا رہے ہوں، جارحانہ رویہ اختیار کریں یا فرار کی کوشش کریں۔