بحرینی جیل سے 457 قیدیوں کی رہائی

   

مناما: بحرین کی جیل سے بیسیوں قیدیوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔ بحرین کے شاہی فرمان پر 457 قیدیوں کو رہائی ملی ہے۔جمعرات کے روز جاری ہونے والے شاہی فرمان کے بعد رہائی پانے والے قیدیوں میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جنہیں شیعہ قیادت میں ہونے والے مظاہروں میں حصہ لینے کی وجہ سے حراست میں لیا گیا تھا۔سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ قیدیوں کی رہائی کے موقع پر جیل کے باہر خواتین اپنے بیٹوں اور شوہروں کو لینے کیلئے موجود ہیں۔بدھ کو رات دیر گئے بحرین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بتایا ہے کہ بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے شاہی تخت کے 25 سال مکمل ہونے کے موقع پر 457 قیدیوں کی رہائی کا فرمان جاری کیا ہے۔ اس سے قبل تقریباً 5 ماہ پہلے 1500 قیدیوں کی رہائی کا فرمان جاری کیا گیا تھا۔