ہندوستان اورآسٹریلیا میں جوہری توانائی سمیت کئی اہم معاہدے

,

   

دفاعی شراکت داری کووسعت دینے وزیر اعظم مودی اور انتھونی البانیزکا فیصلہ

ملبورن ۔9؍جولائی ( ایجنسیز ) وزیرِاعظم ہند نریندرمودی اورآسٹریلیا کے وزیرِاعظم انتھونی البانیزکی موجودگی میں ہندوستان اورآسٹریلیا کے درمیان متعدد اہم معاہدوں پردستخط کئے گئے۔ دونوں ممالک نے دفاع اور سلامتی، بحری تحفظ، سائبرٹیکنالوجی، سپلائی چین، جوہری توانائی، خلائی تعاون اورتجارت سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری کومزید وسعت دینے پراتفاق کیا۔ دونوں لیڈران نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد، انڈوپیسیفک خطے میں امن واستحکام کے فروغ اورعالمی تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات اورسفارت کاری کومؤثرترین راستہ قراردیا۔انتھونی البانیزنے کہا کہ دونوں ممالک نے دفاعی اورسیکورٹی تعاون سے متعلق ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے جس سے عملی شراکت داری مزید مستحکم ہوگی۔ ان کے مطابق آسٹریلیا، ہندوستان کواپنے اہم ترین سیکورٹی شراکت داروں میں شمارکرتا ہے اوردونوں ممالک ایک پْرامن، مستحکم اورخوشحال انڈوپیسیفک خطے کیلئے پْرعزم ہیں۔ ہندوستان اورآسٹریلیا نے اپنی جامع اسٹریٹجک شراکت داری کومزید مضبوط بنانے پراتفاق کرتے ہوئے دفاع اورسلامتی کے شعبوں میں تعاون کونئی وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں ممالک نے وزرائے دفاع کی سطح پر باقاعدہ مذاکرات، مشترکہ فوجی مشقوں میں اضافہ اورجدید دفاعی ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے پربھی رضا مندی ظاہرکی ہے۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان اورآسٹریلیا ایک جدید، مربوط اوراعلیٰ سطح کی دفاعی وسلامتی شراکت داری کوفروغ دینے کیلئے پْرعزم ہیں۔ دونوں ممالک نے ہند۔بحرالکاہل (انڈوپیسیفک) خطے میں قواعد پرمبنی نظام، خودمختاری، سمندری سلامتی اوراقوام متحدہ کے کنونشن برائے قانونِ سمندر(یواین سی ایل اوایس) کی پاسداری کی اہمیت پرزوردیا۔ہندوستان اورآسٹریلیا نے مشترکہ فوجی مشقوں کی تعداد اوران کی نوعیت کومزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان باہمی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے، حساس معلومات کے تبادلے کو فروغ دینے اور ایک دوسرے کے علاقوں میں فوجی طیاروں کی تعیناتی بڑھانے پربھی اتفاق ہوا ہے۔ دونوں ممالک نے باہمی تعلقات کومزید مستحکم بنانے کیلئے فوجی افسران کی تربیت، تعلیمی پروگراموں، ایکسچینج پروگرام اور رابطہ افسران (Liaison Roles) کے دائرہ کار کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ سائبر سکیورٹی، اہم ٹیکنالوجی اورسپلائی چین کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے Australia-India PACTS کومزید مضبوط بنانے پربھی اتفاق کیا گیا۔