لندن : برطانیہ کی جیلوں میں جگہ کم پڑ گئی ہے، برطانوی نشریاتی ادارے کے مطاق حالیہ فسادات میں گرفتار افراد کی وجہ سے جگہ کی کمی کا سامنا ہے۔ برطانوی حکومت نے قیدیوں کی تعداد کم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ جیلوں میں جگہ نہ ہونے کے باعث پیشی کے منتظر قیدیوں کو پولیس سیل میں رکھا جائے گا۔ جیلوں میں جگہ بنانے کے لیے’آپریشن ارلی ڈان‘ شروع کر دیا گیا ہے۔ برطانوی وزیرِ جیل خانہ جات کا کہنا ہے کہ ہنگامی اقدامات سے جیلوں میں ہونے والے دباؤ کو سنبھالنے میں مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ رواں ماہ ساؤتھ پورٹ واقعہ کے بعد انگلینڈ میں ہونے والے فسادات میں تقریباً 1 ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ شمال مغربی برطانیہ میں ساوتھ پورٹ کی ڈانس کلاس میں تین کمسن لڑکیوں کی چاقوؤں کے وار سے ہلاکت کے بعد برطانیہ اور شمالی آئرلینڈ میں فسادات پھوٹ پڑے تھے جس کی ذمہ داری حکام نے دائیں بازو کے مظاہرین پر عائد کی ۔