بنگلہ دیش کو نیوزی لینڈ کیخلاف73 رنز کی اہم سبقت

   

ماؤنٹ مونگانوئی۔اوپنر محمود الحسن جوائے ،کپتان مومن الحق اور وکٹ کیپر لٹن کمار داس کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت بنگلہ دیش نے پہلے کرکٹ ٹسٹ کے تیسرے دن نیوزی لینڈ کے خلاف 73 رنز کی سبقت حاصل کرلی ۔پیرکو175 رن کے نقصان سے آگے کھیلتے ہوئے چھ وکٹ پر401 رنز بناکر پہلی اننگ میں 73 رن کی اہم برتری حاصل کر لی۔ نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں328 رنز بنائے تھے ۔حسن جوائے نے70 رنز بنائے اورکپتان مومن الحق نے آٹھ رن سے اپنی اننگزکو آگے بڑھایا۔ حسن جوائے نے اپنے اسکور میں آٹھ رنزکا اضافہ کیا کہ نیل ویگنر نے انھیں ہنری نکولس کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ حسن جوائے نے 228 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے 78 رن بنائے ۔ مشفق الرحیم نے 53 گیندوں میں 12 رنز بنائے اور ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر بولڈ ہوئے ۔203 رنزکے اسکور پر مشفق کی وکٹ گری۔مومن نے اس کے بعد لٹن کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 158 رنزکی شراکت داری کرکے بنگلہ دیش کو پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ سے آگے کردیا۔ بولٹ نے مومن کو آؤٹ کرکے سنچری سے محروم کر دیا۔ مومن نے 244 گیندوں میں 12 چوکوں کی مدد سے 88 رنز بنائے ۔ اس کے بعد بولٹ نے لٹن داس کو پویلین بھیج کر سنچری سے دورکردیا ۔ لٹن نے 177 گیندوں پر 86 رن میں 10 چوکے لگائے ۔دن کے اختتام تک یاسر علی11 اور مہدی حسن20 رنز بناکرکریز پر موجود تھے ۔ بنگلہ دیش پہلی اننگز میں73 رنزکی برتری حاصل کرکے مضبوط موقف میں ہے اور اس کی چار وکٹیں باقی ہیں۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے بولٹ اور ویگنر نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔