وزیراعظم مودی‘ وزراء اور فلمسٹارس کابھر پورخراج
نئی دہلی ۔28ستمبر ( ایجنسیز) بھارت رتن اور سْروں کی ملکہ لتا منگیشکر کو ان کے یوم پیدائش (28 ستمبر 1929ء) پربھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا۔وزیر اعظم مودی سمیت لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کے علاوہ کئی مرکزی وزراء نے بھی لتا منگیشکر کو ان کے یوم پیدائش پر یاد کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ موسیقی کی دنیا میں لتا دیدی کی بے مثال خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے بھی لتا منگیشکر کی جینتی پر انہیں یاد کیا اورکہا کہ لتا جی ہندوستانی موسیقی کی لازوال شناخت ہیں۔ اپنے غیر معمولی موسیقی کے سفر میں انہوں نے متعدد ہندوستانی زبانوں میں ہزاروں گیتوں کو اپنی آواز دی اور ہندوستانی فلمی موسیقی کو ایسی شناخت عطا کی جس کی گونج ملک کی سرحدوں سے بہت آگے تک پہنچی۔ ان کی آواز میں ہندوستانی موسیقی کی مٹھاس، کلاسیکی انداز، جذبات اور روح کا حیرت انگیز امتزاج تھا۔ کئی دہائیوں تک انہوں نے ہندی سنیما کی موسیقی کو نئی بلندیوں تک پہنچایا اور بے شمار گیتوں کو لازوال بنا دیا۔مرکزی وزراء کے علاوہ بالی ووڈ کی کئی اہم شخصیتوں اور فلمسٹارس نے بھی لتا منگیشکر کو ان کے یوم پیدائش پر خراج پیش کیا۔