20ممالک سے10لاکھ فرزند توحید کی شرکت‘پیر کو اختتام
بھوپال: مد ھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میںعالمی تبلیغی اجتماع کے انعقاد کیلئے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس بار یہاں 10 لاکھ فرزند توحید کی آمد متوقع ہے۔انٹ کھیڑی میں اجتماع کے کیمپ کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ ایسا لگتا ہے جیسے یہاں پورا شہر آباد ہو گیا ہو۔ یہاں پانی سے لے کر وضو تک کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ یہاں پہلی بار اجتماعی شادیاں بھی ہونے جارہی ہیں۔عالمی تبلیغی اجتماع جس کی دنیابھر میں اپنی ایک خاص پہچان ہے کاآج صبح فجر کی نمازکے بعد مولانا جمشید صاحب کی تقریر سے آغاز ہوا۔ یہ چار روزہ عالمی تبلیغی اجتماع پیر کو خصوصی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔ ان 4 دنوں میں دہلی مرکزسمیت ملک کے مختلف حصوں سے علمائے کرام کے خطابات ہوں گے۔ اجتماع کے دوران سینکڑوں شادیاں بھی سادگی سے ہورہی ہیں۔ اجتماع کے 75 سالوں میں پہلی بار اجتماعی نکاح کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس بار 350 سے زائد شادیوں کا رجسٹریشن کیاگیاہے۔