بھینسہ میں آر ایس ایس ریلی کا پرامن اختتام

   

حیدرآباد۔/5 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کی اجازت کے بعد بھینسہ میں آج آر ایس ایس کی ریلی کا انعقاد عمل میں آیا۔ پولیس کی جانب سے تمام تر احتیاطی اقدامات کئے گئے تھے اور ہائی کورٹ نے ریلی کیلئے کئی شرائط نافذ کئے جس کے نتیجہ میں پرامن انعقاد ممکن ہوسکا۔ ریلی میں آر ایس ایس کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور مقررین نے ہندوؤں کو متحد ہونے کا مشورہ دیا۔ مقررین نے ماحولیاتی تحفظ، گاؤ رکھشا، مندروں کے تحفظ اور ہندو رسم و رواج کے تحفظ جیسے امور پر تقاریر کی۔ بھینسہ ٹاؤن میں 2 بجے دن پھولے نگر کی مندر سے ریلی کا آغاز ہوا جو مختلف علاقوں سے گذری۔ ریلی کا جگہ جگہ استقبال کیا گیا۔ ہائی کورٹ کی ہدایت کے باوجود ریلی میں اشتعال انگیز نعرے لگائے جانے کی اطلاعات ملی ہیں۔ پولیس نے ریلی کے راستوں پر ٹریفک کا رخ دوسری جانب موڑ دیا تھا۔ پولیس کے انتظامات پر ایک اے ایس پی، 6 سرکل انسپکٹر، 17 سب انسپکٹر، 21 اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور ہیڈ کانسٹبلس، 200 ملازمین پولیس اور 60 ہوم گارڈز کو تعینات کیا گیا۔ ریلی کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں سے کی گئی اور ریلی کی مکمل ویڈیو گرافی کی گئی۔ر