بہنیں میرے ساتھ ہیں:پرینکاگاندھی

,

   

خواتین کو 40 فیصد ٹکٹ ، ہم سیاست میں تبدیلی لائیں گے ، کانگریس لیڈر کا ریمارک

لکھنؤ: بی جے پی کی مقبولیت کے دعوے کے سلسلے میں مرکزی وزیر سمرتی ایرانی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ان کے پاس بہنیں ہیں جو سیاست میں بڑی تبدیلی کا باعث بنیں گی۔ اترپردیش اسمبلی انتخابات میں خواتین کو 40فیصدی ٹکٹ دینے کے ساتھ ساتھ حکومت بنانے پر خواتین کیلئے تمام وعدے کرنے والی پرینکا نے چہارشنبہ کو ایک ٹی وی چینل سے بات چیت میں 1975 ء کی ہندی فلم ’دیوار‘ کے ایک ڈائیلاگ ’میرے پاس ماں ہے‘ کا حوالہ دیا اور مسکراتے ہوئے کہا ’’میرے پاس بہنیں ہیں‘‘۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے امیٹھی سے رکن پارلیمان سمرتی ایرانی کے اس بیان پر جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کانگریس بی جے پی پر مذہب اور ذات پات کی سیاست کرنے کا الزام لگاتی ہے لیکن اب تو ملک بھی بی جے پی کے ساتھ ہے ، تبصرہ میں پرینکا نے مسکراتے ہوئے کہا ’’آپ کو امیتابھ بچن کی اس فلم کا ڈائیلاگ یاد ہے جس میں وہ ششی کپور سے پوچھتے ہیں کہ تمہارے پاس کیا ہے۔ ششی کپور جواب دیتے ہیں کہ ’میرے پاس ماں ہے‘۔ میں کہتی ہوں ’’میرے پاس بہنیں ہیں‘‘۔ پرینکا نے یہ نعرہ بھی لگایا :’’لڑکی ہوں لڑ سکتی ہوں ‘‘۔ انہوں نے ٹوئٹ بھی کیا ’’میرے پاس بہنیں ہیں‘‘۔ بہنیں سیاست میں تبدیلی لائیں گی۔حال ہی میں پرینکا نے سابق صدر کانگریس راہول گاندھی کے ساتھ امیٹھی میں پرتگیہ پدیاترا کی تھی جس میں سمرتی ایرانی نے طنز کیا تھا کہ کانگریس قائدین کو لکھنؤ اور چھتیس گڑھ سے لوگوں کو لانا پڑا ہے جو امیٹھی سے ان کے تعلقات کے بارے میں کافی کچھ بیان کرتا ہے۔پرینکا نے سمرتی کے طنز اور دعوؤں کا راست اور بالواسطہ جواب دیا اور کہاکہ اپوزیشن کی بڑھتی مقبولیت سے بی جے پی پریشان ہے۔