بیروت میں خطرناک دھماکہ، 30 ہلاک، ہزاروں زخمی

,

   

بیروت: لبنان کے دارالحکومت بیروت کو آج طاقتور دھماکے نے دہلادیا، جس کے نتیجہ میں 30 افراد ہلاک اور زائد از 3000 زخمی ہوچکے ہیں۔ وزیر صحت حماد حسن نے بتایا کہ منگل کا دھماکہ بیروت کی بندرگاہ میں پیش آیا جس نے بڑے پیمانہ پر شہر کے مختلف حصوں میں عمارتوں کو نقصان پہنچایا۔ کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔ اس کے اثرات سارے دارالحکومت میں محسوس کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے میں سینکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں جن کی حقیقی حالت کا ابھی اندازہ نہیں کیا جاسکتا۔ تمام زخمیوں کو دواخانوں سے رجوع کیا جارہا ہے۔ ایک اطالوی جہاز کا کیپٹن وہاں موجود تھا۔ اس نے بتایا کہ جہاز میں موجود کئی افراد زخمی ہوئے جنہیں دواخانہ پہنچایا گیا۔ خود کیپٹن بھی متاثر ہوا۔ الجزیرہ نے اس واقعہ کا ویڈیو دکھایا جس میں دھوئیں کے کثیر بادل اٹھتے دیکھے جاسکتے ہیں۔ اس بندرگاہ میں بڑے بڑے گودام ہیں۔ کئی شہریوں نے بتایا کہ دھماکہ کی شدت غیر معمولی رہی اور بڑی زوردار آواز آئی ۔ انہوں نے کہا کہ بیشمار گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ سوشیل میڈیا پر اس واقعہ کے ویڈیو اور تصاویر تیزی وائرل ہوگئے جو آس پاس کے گھروں سے لئے گئے۔ ایک شہری نے بتایا کہ اسے دھماکہ کی آواز سننے کے بعد ایسا لگا کہ موت یقینی ہے لیکن وہ زندہ ہے اور اللہ کا شکر گزار ہے۔ دھماکہ کے مقام سے کئی کیلو میٹر دور واقع علاقہ کے مکین نے بتایا کہ اسے بھی زوردار آواز سنائی دی جس سے پتہ چلتا ہے کہ دھماکہ کی شدت کس قدر زبردست رہی۔