34 افراد ہلاک، اضلاع میں ریڈ الرٹ
حیدرآباد 23 مئی:( سیاست نیوز ) تلنگانہ میں جاری شدید گرمی کی لہر نے تباہ کن صورت اختیار کرلی ہے جہاں مختلف اضلاع میں کم از کم 34 افراد کی موت کی اطلاع ملی ہے۔ ریاست کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت 46 ڈگری سے تجاوز کرگیا جبکہ محکمہ موسمیات نے متعدد اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔رپورٹ کے مطابق جمعہ کے روز ریاست کے 244 منڈلوں میں شدید گرمی ریکارڈ کی گئی۔اس سے قبل جمعرات کو بھی کم از کم 22 افراد ہیٹ اسٹروک اور شدید گرمی کے باعث جان کی بازی ہار چکے تھے۔ مرنے والوں میں معمر افراد، طلبہ، کسان، زرعی مزدور اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے شامل ہیں۔ نظام آباد، جگتیال، کریم نگر، منچریال، سرسلہ، پیڈاپلی اور سوریہ پیٹ سمیت کئی اضلاع میں درجہ حرارت 46.2 سے 46.4 ڈگری کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند دنوں تک شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔