بینک منیجرس کو اکاونٹ کھلوانے کے ٹارگٹس کی جگہ شہری تحفظ پر زور

   

حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر وی سی سجنار کا سرکاری اور خانگی بینک عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد۔ 23 اپریل (سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس کے کمشنر وی سی سجنارنے سائبر فراڈ نیٹ ورکس کو توڑنے کیلئے چلائے جانے والے ’’آپریشن اکٹوپس‘‘ کے پس منظر میں بینکنگ شعبے کے اعلیٰ نمائندوں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کیا۔ اس اجلاس کا مقصد بینک اکاؤنٹس کے غلط استعمال کو روکنا اور سائبر فراڈ کی روک تھام کو یقینی بنانا تھا۔اجلاس میں 45 سرکاری اور خانگی بینکوں کے 75 نمائندوں نے شرکت کی جن میں ریجنل مینیجرس، زونل مینیجرس، جنرل مینیجرس، ڈپٹی جنرل مینیجرس اور نوڈل آفیسرس شامل تھے۔ کمشنر کے علاوہ ایم سرینواسلو بھی موجود تھے۔کمشنر نے بینک برانچیس کیلئے اکاؤنٹ کھلوانے کے ٹارگٹس کی جگہ شہری تحفظ پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے ’سیف کسٹمر چیلنج‘ اور ’زیرو میول اکاؤنٹس چیلنج‘ کو برانچ کیو پی آئیز کا حصہ بنانے کا مطالبہ کیا۔ سیف کسٹمر چیلنج کے تحت برانچ کا کوئی بھی کسٹمر سائبر کرائم کا شکار نہ ہو ۔زیرو میول اکاؤنٹس چیلنج۔ برانچ میں کوئی میول اکاؤنٹ نہ کھلے۔کمشنر نے کہا کہ اکاؤنٹس کی تعداد کو پرفارمنس میٹرک نہ بنایا جائے بلکہ فراڈ روک تھام کو ترجیح دی جائے۔کمشنر پولیس نے اپنی سفارشات میں سائبر کرائم پر زیرو ٹالیرینس اور کے وائی سی ویریفائرز پر سخت ڈسپلنری کارروائی اور ان کے اکاؤنٹس کی فارنسک آڈٹ، میول ہنٹر جیسی ٹیکنالوجیز کا استعمال میول اکاؤنٹس کی روک تھام کیلئے فکسڈ ڈپازٹ کی قبل از وقت بندش پر کسٹمرس کو انتباہ دیا۔ کمشنر پولیس نے سائبر فراڈ گروپس کے طریقہ کار کی تفصیلات بھی بیان کیں جو کمبوڈیا، ویٹنام اور دبئی سے چلائے جاتے ہیں اور ہندوستانی بینک آفیسرس سے ملے ہوئے اکاؤنٹس حاصل کرتے ہیں۔ حیدرآباد سٹی پولیس نے شہریوں کی مالی سلامتی کی ضمانت دی اور آپریشن اکٹوپس کو جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ کمشنروی سی سجنار نے بینکوں سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی۔BJ/m/b