بی آر ایس پارٹی سے مزید 4 امیدواروں کا اعلان

   

ڈاکٹر کڈیم کاویا ( ورنگل ) ، گیانیشور مدیراج (چیوڑلہ )، جی انیل کمار (ظہیرآباد ) ، باجی ریڈی گوردھن ریڈی ( نظام آباد )
حیدرآباد۔/13 مارچ، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ و سابق چیف منسٹر کے سی آر نے لوک سبھا انتخابات کیلئے مزیدچارامیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ کے سی آر نے آج حلقہ لوک سبھا ورنگل کی نمائندگی کرنے والے پارٹی قائدین کا اجلاس طلب کیا اور امیدوار کے انتخاب کے معاملہ میں پارٹی قائدین کی رائے حاصل کی۔ تمام پارٹی قائدین نے امیدوار کے انتخاب کا اختیار پارٹی سربراہ کے سی آر پر چھوڑ دیا جس کے بعد کے سی آر نے شام میں چار حلقوں کیلئے پارٹی امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ حلقہ لوک سبھا ورنگل سے پارٹی کے سینئر قائد بی آر ایس کے رکن اسمبلی کڈیم سری ہری کی دختر ڈاکٹر کڈیم کاویا کو امیدوار بنایا ہے۔ اس طرح حلقہ لوک سبھا چیوڑلہ سے گیانیشور مدیراج ، جی انیل کمار (ظہیرآباد ) ، باجی ریڈی گووردھن ریڈی (نظام آباد ) کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد پارٹی قیادت لوک سبھا انتخابات سے پارٹی کیڈر میں نیا جوش و خروش بھرنے کی کوشش کررہی ہے۔ دوسری طرف ایک ایک کرکے پارٹی قائدین مستعفی ہوکر کانگریس اور بی جے پی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے پارٹی قیادت کو مایوس کررہے ہیں۔ لوک سبھا انتخابات کی ذمہ داری کے سی آر نے سنبھال لی ہے۔ پارٹی قائدین سے مسلسل ملاقات کرتے ہوئے لوک سبھا انتخابات کی تیاریاں کررہے ہیں۔ ساتھ ہی بی ایس پی سے بھی انتخابی مفاہمت کرنے کیلئے بات چیت کررہے ہیں۔ اس اتحاد میں کمیونسٹ جماعتوں کو بھی شامل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کمیونسٹ جماعتوں کو پیغام روانہ کیا گیا ہے۔ تاہم کمیونسٹ جماعتوں نے ابھی تک کوئی ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے۔2