گریجویٹ کوٹہ کونسل کے ضمنی انتخابات میں تعلیم یافتہ افراد سونچ سمجھ کر ووٹ دیں : کے ٹی آر
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے تعلیم یافتہ افراد سے اپیل کی کہ وہ گریجویٹ کونسل کوٹہ کے ضمنی انتخاب میں سونچ سمجھ کر ووٹ دیں ۔ بی آر ایس کا امیدوار اعلیٰ تعلیم یافتہ ہے جب کہ حکمران جماعت کانگریس کا امیدوار بلیک میلر ہے ۔ اسمبلی حلقہ ایلندو میں منعقدہ ایم ایل سی انتخابی مہم کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی اقدامات کئے گئے ۔ 2 لاکھ سرکاری ملازمتیں اور خانگی شعبوں میں 24 لاکھ ملازمتیں فراہم کی گئی ، اس کے علاوہ ریاست کی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے ڈھیر سارے اقدامات کیے گئے ۔ سماج کے ہر طبقہ کی ترقی اور بہبود کو مد نظر رکھتے ہوئے کئی فلاحی اسکیمات کو نہ صرف متعارف کرایا گیا بلکہ ان اسکیمات پر کامیابی سے عمل کیا گیا ۔ بی آر ایس سے یہ غلطی ہوئی کہ اس کی بڑے پیمانے پر تشہیر نہیں کی گئی جب کہ کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخابات میں جھوٹے وعدوں کے ذریعہ عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھائی اور بی آر ایس حکومت کے خلاف سوشیل میڈیا میں جھوٹا پروپگنڈہ کیا جس کا عوام شکار ہوگئے اور کانگریس کو ووٹ دیا جس کے بعد بی آر ایس اقتدار سے محروم ہوگئی اور کانگریس کی حکمرانی قائم ہوگئی ۔ مگر ان پانچ ماہ کے دوران ریونت ریڈی کے زیر قیادت کانگریس حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے ۔ عوام سے کیا گیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا ۔ کانگریس کے دور حکومت میں ملازمتوں کے لیے ایک بھی نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا گیا ۔ مگر چیف منسٹر اے ریونت ریڈی 30 ہزار ملازمتیں فراہم کرنے کا اعلان کررہے ہیں ۔ چیف منسٹر کا یہ دعویٰ شادی نہیں ہوئی مگر ازدواجی زندگی شروع کر کے بچے پیدا ہونے کے مترادف قرار دیا ہے ۔ کے ٹی آر نے نلگنڈہ ، ورنگل ، کھمم گریجویٹ کوٹہ کونسل کے ضمنی انتخاب میں بی آر ایس کے تعلیم یافتہ امیدوار اے راکیش ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے کانگریس کے امیدوار بلیک میلر تین مار ملنا کو شکست دینے کی گریجویٹس سے اپیل کی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں 33 میڈیکل اور بڑے پیمانے پر نرسنگ کالجس قائم کئے گئے ہیں ۔ کانگریس کے امیدوار کے خلاف بلیک میلنگ اور دھوکہ دہی وغیرہ کے 56 کیسیس درج ہیں۔۔ 2