حیدرآباد ۔ 14 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : حکمران بی آر ایس پارٹی نے V6 نیوز چینل اور روزنامہ ویلگو کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ اور ریاستی وزیر کے ٹی آر کے آفس سے 14 مارچ کو ایک بیان جاری ہوا ہے ۔ پارٹی کے پریس کانفرنس میں V6 اور ویلگو میڈیا ہاوزس پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور ساتھ ہی پارٹی قائدین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ V6 ٹیلی ویژن کے مباحث اور ویلگو اخبار کے کسی بھی پروگرامس میں حصہ نہ لیں ۔ کے ٹی آر کے آفس سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ ان دونوں میڈیا ہاوزس ریاست کے مفادات کو نقصان پہونچاتے ہوئے بی جے پی کے ترجمان کی طرح کام کررہے ہیں ۔ لہذا بی آر ایس نے V6 اور ویلگو کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جمہوریت میں غیر جانبداری سے کام کرنے کے بجائے یہ دو میڈیا ہاوزس بی جے پی کے ترجمان کی طرح جھوٹ پھیلا رہے ہیں ۔ پارٹی اور حکومت کے خلاف گمراہ کن من گھڑت کہانیاں پیش کررہے ہیں ۔ لہذا ان دونوں میڈیا ہاوزس کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ 9 مارچ کو ایک پریس کانفرنس کے دوران کے ٹی آر نے کہا کہ تھا ان دونوں میڈیا ہاوزس پر کس طرح پابندی عائد کی جائے وہ اچھی طرح جانتے ہیں ۔ ان کے ریمارکس کے ایک ہفتہ کے بعد V6 اور ویلگو اخبار کا بائیکاٹ کرنے کا بیان جاری کیا گیا ہے ۔ ساتھ ہی بی آر ایس کے پروگرامس میں ان دونوں میڈیا ہاوز کو دعوت نامہ نہ دینے اور V6 ٹیلی ویژن چینل کے مباحث میں پارٹی قائدین کے حصہ لینے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے ۔۔ ن