میدک ۔23 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بی آر ایس پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے تارک راما راؤ نے پارٹی سربراہ کے چندرشیکھر راؤ کی ہدایت پر حرکیاتی و عوامی مقبول قائد محمد فاروق حسین سابق ایم ایل سی کو حلقہ اسمبلی میدک میں پارٹی کی رکنیت سازی مہم کا انچارج مقرر کیا ہے ۔ فاروق حسین ایک بلا لحاظ مذہب و ملت خدمات گذار شخصیت ہیں۔ قبل ازیں منعقدہ بلدی انتخابات کے موقع پر بھی میدک بلدیہ کیلئے انچارج کی حیثیت سے اپنی کامیاب خدمات انجام دے چکے ہیں۔ بلدی انتخابات کے موقع پر فاروق حسین میدک میں ہی اپنا زیادہ وقت گذارتے ہوئے برسراقتدار پارٹی پر کامیابی کو حاصل کیا تھا لیکن ٹکٹ کی بنیاد پر صدرنشین کا عہدہ حاصل نہیں ہوسکا ۔ اس طرح کے ٹی آر نے میدک کے حرکیاتی قائد کے تروپتی ریڈی کو ضلع نظام آباد کے اسمبلی حلقہ آرمور کیلئے انچارج ممبرشپ مقرر کیا ہے ۔ علاوہ ازیں میدک ہی سے تعلق رکھنے والے مقبول قائد سابق ایم ایل سی ایس سبھاش ریڈی کو بھی کاماریڈی اسمبلی حلقہ کیلئے انچارج رکنیت سازی مہم مقرر کیا ہے ۔ ایس سبھاش ریڈی کو پارٹی کے قیام سے ہی بانی بی آر ایس سابق وزیراعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ کے بااعتماد قائد کا اعزاز حاصل ہے ۔