پارٹی کیڈر کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ، بی آر ایس دوبارہ تیزی سے ابھرے گی
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : بی ار ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے لوک سبھا انتخابات میں ریاست تلنگانہ سے بی آر ایس کا کھاتہ نہ کھلنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نتائج بی آر ایس کے لیے مایوس کن ثابت ہوئے تاہم اس سے بی آر ایس کیڈر کو فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ بی آر ایس دوبارہ تیزی سے ابھرے گی ۔ لوک سبھا کے نتائج کی اجرائی کے بعد سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم (ایکس ) پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ٹی آر ایس کی تشکیل سے گذشتہ 24 سال پارٹی نے کئی اتار چڑھاؤ دیکھیں ہیں جس میں علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل پارٹی کی سب سے بڑی کامیابی اور اعزاز ہے ۔ 2014 کے اسمبلی انتخابات میں 119 کے منجملہ 63 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹی آر ایس نے علحدہ تلنگانہ ریاست میں پہلی حکومت تشکیل دی تھی ۔ 2018 کے اسمبلی انتخابات میں 119 کے منجملہ 88 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کی تھی ۔ 2023 کے اسمبلی انتخابات میں 119 کے منجملہ 39 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کی تھی اور 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں پہلی مرتبہ پارٹی اپنا کھاتہ کھول نہیں پائی ۔ یہ پارٹی کے لیے نقصان دہ ضرور ہے مگر اس سے پارٹی کیڈر کو ہرگز مایوس اور پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ بی آر ایس پارٹی دوبارہ تیزی سے ابھرے گی اور عوامی توقعات کی تکمیل کے لیے جدوجہد کرتے رہے گی ۔۔ 2