مہیشور ریڈی کو مہیش کمار گوڑ نے نرمل میں راہول گاندھی کے ساتھ پدیاترا کی یاد دلائی
حیدرآباد۔/6 نومبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ مخالف پسماندہ طبقات بی جے پی کو مردم شماری کے بارے میں اظہار خیال کا اخلاقی حق نہیں ہے۔ صدر پردیش کانگریس نے بی جے پی فلور لیڈر مہیشور ریڈی کی جانب سے کانگریس قائد راہول گاندھی کی کاسٹ سے متعلق کئے گئے ریمارکس کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات کو نظرانداز کرنے والی بی جے پی کے فلور لیڈر بی سی طبقات سے جھوٹی ہمدردی ظاہر کررہے ہیں۔ تلنگانہ میں بنڈی سنجے جن کا تعلق بی سی طبقہ سے ہے ہٹاکر اعلیٰ طبقہ کے کشن ریڈی کو صدارت پر فائز کیا گیا۔ پارٹی کی صدارت اور اسمبلی میں فلور لیڈر دونوں عہدوں پر اعلیٰ طبقات کے قائدین فائز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی کاسٹ کے بارے میں پوچھنے سے قبل مہیشور ریڈی کو ہمت ہو تو وزیر اعظم نریندر مودی سے قومی سطح پر مردم شماری کا مطالبہ کریں۔2025 میں مردم شماری میں او بی سی طبقات کی مردم شماری کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر مردم شماری کا مطالبہ خود راہول گاندھی نے کیا ہے۔ قومی سطح پر مردم شماری کے ذریعہ ہر ایک کی کاسٹ کا پتہ چلایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی ایک قومی قائد ہیں اور وہ سماجی انصاف کی فراہمی کے عہد کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بی جے پی فلور لیڈر کے عہدہ سے محرومی کے خوف کے تحت مہیشور ریڈی کانگریس اور راہول گاندھی کے خلاف بیان بازی کررہے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مہیشور ریڈی نے نرمل میں راہول گاندھی کو مدعو کرتے ہوئے پدیاترا میں حصہ لیا تھا اس وقت کیا راہول گاندھی کی کاسٹ سے واقف نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی جانب سے دیئے گئے عہدہ کو مہیشور ریڈی نے قبول کیا تھا اس وقت راہول گاندھی کی کاسٹ کا خیال کیوں نہیں آیا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ راہول گاندھی کی کاسٹ ہندوستانی ہے اور وہ علاقہ، مذہب اور ذات پات سے بالاتر ہوکر ہر کسی کیلئے قابل قبول قومی قائد ہیں۔ ایسے قائد کے بارے میں بیان بازی کرنا افسوسناک ہے۔1