ایک لاکھ افراد کے ساتھ مہا پدیاترا کیلئے بی جے پی کے وسیع تر انتظامات
حیدرآباد 20 نومبر (سیاست نیوز): بی جے پی کے قومی صدر نتن نوین 23 نومبر کو کریم نگر کا دورہ کریں گے۔ اس موقع پر ’جمہوریت کا تحفظ کریں ۔ انتشار کو دفن کریں‘ کے نعرہ کے ساتھ مہا پدیاترا کیلئے بی جے پی تلنگانہ انتظامات کر رہی ہے۔ یاترا میں تقریباً ایک لاکھ افراد کو متحرک کرنے کا نشانہ پارٹی قیادت نے مقرر کیا ہے۔ نتن نوین 23 نومبر کی صبح 11 بجے حیدرآباد پہنچیں گے اور خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ دوپہر 12 بجے کریم نگر کلکٹریٹ کے ہیلی پیڈ پہنچیں گے۔ بعد ازاں وہ ویشیا بھون جائیں گے اور وہاں سے مہا پدیاترا میں حصہ لیں گے۔ ویشیا بھون سے ٹاور سرکل اور شاستری روڈ کے راستے کمان تک یہ پدیاترا جاری رہے گی۔اس یاترا میں مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ بنڈی سنجے کمار، بی جے پی تلنگانہ صدر این رام چندر راؤ، پارٹی کے ریاستی انچارج سنیل بنسل، معاون انچارجس ابھے پاٹل، ریکھا شرما اور دیگر شرکت کریں گے۔نتن نوین کے پہلی بار کریم نگر آنے کے پیش نظر مرکزی وزیر بنڈی سنجے نے مہا پدیاترا منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کریم نگر اور سرسلہ کے بی جے پی قائدین سے ٹیلی کانفرنس کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔اس اجلاس میں کریم نگر اور سرسلہ اضلاع کے صدور سائینی ملیشم، ریڈی بوئینا گوپی، سٹی میئر کولاگانی سرینواس، ڈپٹی میئر سنیل راؤ، سابق ضلعی صدور باسا ستیہ نارائن، گنگاڈی کرشنا ریڈی، سینئر قائدین کومالا انجنیلو، نلّا لّا اودیلُو، موہن ریڈی، بوئینا پلّی پروین راؤ اور دیگر نے شرکت کی۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ بوتھ، شکتی کیندر اور منڈل کی سطح پر اجلاس منعقد کر کے عوام کو متحرک کیا جائے ۔