تلنگانہ انٹر میڈیٹ کے طلباء متوجہ ہوں سالانہ امتحانات کے شیڈول سے متعلق اہم اپ ڈیٹ

   

حیدرآباد ۔ 26 ۔ دسمبر : ( ایجنسیز ) : میڈیا رپورٹس کے مطابق تلنگانہ میں انٹر میڈیٹ بورڈ نے 28 فروری سے انٹر کے سالانہ امتحانات شروع کرنے سے متعلق شیڈول سے حکومت کو واقف کروایا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم نے انٹر میڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے لیے تین شیڈول تیار کئے ہیں اور ان تینوں کو حکومت کے پاس روانہ کردیا ہے ۔ اب دیکھنا ہوگا کہ حکومت کی جانب سے کس شیڈول کو منتخب کیا جاتا ہے ۔ محکمہ تعلیم نے انٹر میڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے آغاز کے لیے تینوں تاریخوں پر مشتمل شیڈول بنایا ہے ، جن میں 28 فروری ، یکم مارچ اور 5 مارچ 2024 کی تاریخیں شامل ہیں ۔ بورڈ نے تین شیڈولس سے متعلق تجویز حکومت کو روانہ کی ہے ۔ ریونت ریڈی کی حکومت کی جانب سے منظوری ملنے کے بعد امتحانات کے شیڈول کو حتمی شکل دی جائے گی ۔ امکان ہے کہ امتحانات کا قطعی شیڈول اندرون ایک ہفتہ جاری کردیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس سال 9 لاکھ سے زیادہ طلباء انٹر میڈیٹ امتحانات میں شرکت کریں گے ۔ 2024 میں لوک سبھا انتخابات کے پس منظر میں سالانہ امتحانات کو پہلے ہی منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے ۔ 20 جنوری کے بعد پری فائنل امتحانات اور فروری کے پہلے ہفتے میں پریکٹیکل امتحانات منعقد ہونے کا امکان ہے ۔ اس سلسلہ میں جلد اعلان کیا جائے گا ۔۔