انجینئرنگ میں 73.36 و اگریکلچر اور فارمیسی میں 86.27 فیصد امیدوار کوالیفائی، داخلوں کیلئے کونسلنگ شیڈول کی جلد اجرائی
حیدرآباد۔ 17 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ ایپسیٹ (EAPCSET) 2026 کے نتائج آج جاری کردیئے گئے۔ حکومت کے مشیر برائے عوامی امور ڈاکٹر کے کیشوراؤ، صدر نشین کونسل آف ہائیر ایجوکیشن پروفیسر وی بالاکرشٹا ریڈی، سکریٹری محکمہ تعلیم ڈاکٹر یوگیتا رانا، کمشنر ٹیکنیکل ایجوکیشن سری دیواسینا اور وائس چانسلر جے این ٹی یو پروفیسر ٹی کرشن کمار ریڈی نے نتائج جاری کئے۔ تلنگانہ انجینئرنگ ایگریکلچرل اینڈ فارمیسی کامن انٹرنس ٹسٹ میں 282195 امیدواروں نے حصہ لیا تھا جن میں سے 217998 امیدوار اہل قرار پائے ہیں۔ کامیابی کا فیصد 77.25 درج کیا گیا۔ انجینئرنگ اسٹریم میں 73.36 فیصد امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ اگریکلچر اینڈ فارمیسی میں 86.27 امیدوار کامیاب ہوئے۔ کونسل آف ہائیر ایجوکیشن کے اعداد و شمار کے مطابق انجینئرنگ اسٹریم میں 210766 امیدواروں نے رجسٹرڈ کیا تھا جبکہ 197241 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا۔ 144704 امیدوار اہل قرار پائے۔ اگریکلچر اینڈ فارمیسی اسٹریم میں 90977 امیدواروں نے رجسٹرڈ کیا تھا جبکہ 84954 امیدواروں نے امتحان لکھا ۔ اہل امیدواروں کی تعداد 73294 درج کی گئی۔ تلنگانہ ایپسیٹ امتحانات کا تلنگانہ و آندھرا پردیش کے مراکز پر کمپیوٹر پر مبنی امتحان منعقد کیا گیا۔ انجینئرنگ، اگریکلچر اور فارمیسی کورسیس میں داخلوں کیلئے کونسلنگ شیڈول جلد جاری کیا جائیگا۔ جے این ٹی یو سے یہ امتحانات منعقد کئے گئے۔ 4 اور 5 مئی کو اگریکلچر اور فارمیسی جبکہ 9 اور 11 مئی کو انجینئرنگ اسٹریم کے امتحانات ہوئے۔ حکام نے انجینئرنگ اور اگریکلچر اور فارمیسی اسٹریم کے ٹاپ 10 رینک ہولڈرس کی فہرست جاری کی ہے۔ انجینئرنگ کے شعبہ میں حیدرآباد اپل سے تعلق رکھنے والے ایم روشی کو پہلا مقام حاصل ہوا جبکہ موسی پیٹ کے انوشیل کو دوسرا اور پولویندلا کے ایم ومشی دھر ریڈی کو تیسرا مقام حاصل ہوا۔ چوتھے سے 10 ویں مقام تک امیدواروں میںجے منی دیپ ریڈی (گنٹور) ، سائی نکھت (محبوب آباد)، ایم آسنا (میڑچل)، وی شرت مہیشوری (حیدرآباد)، ٹی شریس ریڈی (حیدرآباد)، بی سمراج ریڈی (رنگاریڈی) اور آر جینت شیکھر (میڑچل) شامل ہیں۔ انجینئرنگ اینڈ فارمیسی اسٹریم میں حیدرآباد کے آصف نگر کے ساکن مکرم احمد نے ٹاپ رینک حاصل کیا۔ ایرم منزل حیدرآباد کے سائی وینکٹ کو دوسرا اور ساہیتی گیتکا گنیتی (الماس گوڑہ) کو تیسرا مقام حاصل ہوا۔ عنبرپیٹ کے ایم جئے سمہا کو چوتھا، ہمایوں نگر کے عامر انس کو پانچواں، ہندو پور کے این جئے راشی کو چھٹواں، راج مہیندر ورم کے پی انوراگ کو ساتواں، سوریہ پیٹ کے سائی شرن کو آٹھواں، راج مہیندرا ورم کے ایم ستیہ شریکر کو نواں اور کوکٹ پلی کے آر موہنتی کو دسواں رینک حاصل ہوا۔ 1؍F