سدی پیٹ میں 76 ملی میٹر اور منچریال میں 67 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی
حیدرآباد 8 ڈسمبر (سیاست نیوز) جنوبی ہند کی ریاستوں سے طوفان ’فینگل ‘ کے اثرات زائل ہونے کے بعد تلنگانہ کے بیشتر علاقوں میں گذشتہ شب سے بارش جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب اس بارش کا سلسلہ مزید 24 گھنٹے جاری رہ سکتا ہے ۔ کل سہ پہر سے تلنگانہ کے کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ شمالی اور جنوبی اضلاع میں رات دیر گئے تک پھیل گیا اور ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں بھی ہلکی اور تیز بارش شروع ہوگئی جو کہ صبح کی اولین ساعتوں تک بھی جاری رہی ۔ معمولی وقفہ سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ دن میں بھی جاری رہا اور شہرکے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود رہا جس کے نتیجہ میں موسم خوشگوار ہوگیا تھا۔ مختلف اضلاع میں گذشتہ یوم موسلادھار غیر موسمی بارشیں ریکارڈ کی گئی اور دونوںشہروں میں بھی بارش کا سلسلہ دیکھا گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ریاست و دونوں شہروں میں بارش کے امکانات ہیں اور شہر حیدرآباد میں بھی موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں دونوں شہروں کے علاوہ تلنگانہ میں توقع سے زیادہ غیر موسمی بارش ریکارڈ کی گئی ۔محکمہ موسمیات سے تفصیلات کے مطابق سدی پیٹ میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 76 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی جبکہ منچریال میں 67 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ گجویل میں 49.3ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔ ماہرین موسمیات کے مطابق ریاست میں جاری غیر موسمی بارشوں کا سلسلہ 9 ڈسمبر کی رات دیر گئے تک جاری رہے گا اور اس کے بعد تلنگانہ میں دوبارہ موسم سرما کا احیاء ہونے کا امکان ہے ۔ غیر موسمی بارش سے تلنگانہ اضلاع میں کسانوں کو امکانی نقصانات کے پیش نظر انہیں محتاط رہنے پہلے ہی پیداوار کھلے میں نہ چھوڑنے کی تاکید کی گئی تھی جس سے کسانوں کی پیداوار کو بھاری نقصان سے محفوظ رکھنے میں کامیابی ملی ہے۔3