حیدرآباد ۔6۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی سے پہنچنے والے 400 عازمین حج کا جدہ پہنچنے پر تلنگانہ انٹرنیشنل اسوسی ایشن کی جانب سے استقبال کیا گیا۔ جدہ کے حج ٹرمنل پر اسوسی ایشن کے عہدیداروں نے مقدس فریضہ کی ادائیگی کیلئے پہنچنے والے عازمین حج کو خیرمقدم کہا۔ تلنگانہ انٹرنیشنل اسوسی ایشن کی جانب سے عازمین حج کو ویلکم کٹ بطور تحفہ پیش کی گئی جس میں جائنماز ، ڈیجیٹل تسبیح اور طواف کی گنتی کا رنگ شامل ہے۔ ایام حج کے دوران یہ اشیاء عازمین حج کے لئے کارآمد ثابت ہوتی ہے۔ عازمین کو اسنیک کٹ بیاگس بھی حوالے کیا گیا۔ جدہ میں مقیم انڈین کمیونٹی کے ارکان نے مشترکہ طور پر تلنگانہ انٹرنیشنل اسوسی ایشن کے ذریعہ یہ فریضہ انجام دیا۔ کونسل جنرل جدہ فہد خاں سوری نے مکمل تعاون کیا۔ تلنگانہ انٹرنیشنل اسوسی ایشن کے صدرنشین ڈاکٹر سلیم ، نائب صدرنشین ڈاکٹر مرزا قدرت نواز بیگ ، ڈائرکٹر کمیونٹی ویلفیر فاروق احمد ، اسوسی ایٹ ڈائرکٹر کمیونٹی ویلفیر عبدالوہاب ، اسوسی ایٹ ڈائرکٹر پلگرم سرویسز سلمان جبران ، چیف سکریٹری عمران کوثر اور ڈاکٹر صفیان حامد نے عازمین کا استقبال کیا۔ شمیم کوثر نے بھی عازمین کے استقبال اور ان کی تہنیت میں شرکت کی۔ اسوسی ایشن کے والینٹرس نے بھی نمایاں خدمات انجام دیں۔1/k/m/b