شہر سے ز یادہ اضلاع میں صورتحال ابتر، صحت یابی کی شرح حوصلہ افزاء
حیدرآباد: تلنگانہ میں کورونا مریضوں کی تعداد میں پھر اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری ہیلت بلیٹن کے مطابق منگل کی رات تک ریاست میں 1764 افراد کورونا پازیٹیو پائے گئے اور 12 افراد کی موت واقع ہوئی۔ ریاست میں پازیٹیو مریضوں کی تعداد بڑھ کر 58906 پہنچ چکی ہے جبکہ 492 افراد کورونا سے جانبر نہ ہوسکے ۔ پیر اور منگل کے درمیان 842 افراد صحت یاب ہوکر ڈسچارج ہوچکے ہیں۔ ریاست میں 43751 افراد کورونا سے صحت یاب ہوئے ہیں ۔ تلنگانہ میں ریکوری کی شرح 75 فیصد ہے جبکہ قومی شرح 64 فیصد ہے۔ ملک میں اموات کی شرح 2.26 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ تلنگانہ میں یہ شرح ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ 18858 افراد کے لعاب کے نمونوں کی جانچ کی گئیں جن میں 1764 پازیٹیو پائے گئے ۔ تلنگانہ میں تاحال 397939 افراد کا ٹسٹ کیا گیا ہے۔ 788 افراد کے معائنہ کی رپورٹ آنی باقی ہے۔ منگل کی رات تک ریاست میں کووڈ۔19کیسیس کی تعداد 14663 ہوگئی، ان میں 9173 افراد ہوم آئسولیشن میں ہیں۔ 5485 پازیٹیو مریضوں کا مختلف دواخانوں میںعلاج جاری ہے ۔ حکام نے بتایا کہ 84 فیصد پازیٹیو کیسیس ہوم آئسولیشن میں ہیں جن میں کورونا علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔ گریٹر حیدرآباد حدود میں 509 پازیٹیو کیسیس پائے گئے جبکہ میڑچل میں 158 کیسیس پائے گئے ۔ رنگا ریڈی میں 147 اور ورنگل اربن میں 138 پازیٹیو کیس ریکارڈ ہوئے ۔ گریٹر حیدرآباد کے مقابلہ اضلاع میں پازیٹیو کیسیس کی تعداد زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ کاما ریڈی 10 ، کریم نگر 93 ، کھمم 69 ، محبوب نگر 47 ، منچریال 28 ، میدک 23 ، ناگر کرنول 29 ، نلگنڈہ 51 ، نظام آباد 47 ، پدا پلی 44 ، سنگا ریڈی 89 ، سدی پیٹ 21 ، سوریا پیٹ 38 ، ورنگل رورل 41 اور دیگر اضلاع میں 10 سے زائد پازیٹیو کیس درج ہوئے ہیں۔