حیدرآباد: تلنگانہ میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 2381 نئے کیسس منظر عام پر آئے ہیں جبکہ 10 اموات واقع ہوئی ہیں۔محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن کے مطابق 2021 افراد کورونا سے صحت یاب ہوئے۔ کورونا سے فوت ہونے والوں کی تعداد 1080 ہوچکی ہے۔ ریاست میں 30387 ایکٹیو کیسس ہیں جن میں 24592 ہوم آئسولیشن کے تحت زیر علاج ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 57621 ٹسٹ کئے گئے جن میں 1659 کا نتیجہ آنا باقی ہے۔ کورونا کے آغاز سے آج تک 27 لاکھ 41 ہزار 836 ٹسٹ کئے گئے ۔ حیدرآباد میں 386 نئے کیس منظر عام پر آئے جبکہ رنگا ریڈی میں نئے کیسس کی تعداد 227 ہے ۔ ریاست کے 33 اضلاع کورونا سے متاثر ہیں اور دیہی علاقوں میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ کتہ گوڑم 97 ، جگتیال 51 ، کاما ریڈی 58 ، کریم نگر 119 ، کھمم 84 ، محبوب نگر 42 ، محبوب آباد 68 ، میدک 39 ، ملکاجگیری 193 ، ناگر کرنول 67 ، نلگنڈہ 132 ، نرمل 43 ، نظام آباد 69 ، پدا پلی 31 ، سرسلہ 70 ، سنگا ریڈی 50 ، سدی پیٹ 86 ، سوریا پیٹ 78 ، ونپرتی 58 ، ورنگل اربن 83 اور بھونگیر میں 52 نئے کیسس درج ہوئے ہیں۔
کورونا ٹسٹوں میں حیدرآباد کو ملک میں چھٹواں مقام
حیدرآباد: کورونا کیسس کے سلسلہ میں اگست کے دوران ملک کے جن 10 شہروں میں زائد ٹسٹ کئے گئے، ان میں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے تین اضلاع شامل ہیں۔ گنٹور ضلع کو 8562 ٹسٹوں کے ساتھ پانچواں مقام حاصل ہوا جبکہ حیدرآباد روزانہ تقریباً 8091 ٹسٹوں کے ساتھ چھٹویں نمبر پر ہے۔ کرشنا ضلع میں روزانہ 6864 ٹسٹ کئے جارہے ہیں اور یہ ضلع ساتویں نمبر پر ہے۔ مرکزی وزارت صحت نے پارلیمنٹ میں اس سلسلہ میں رپورٹ پیش کی ۔ بنگلور اربن ضلع میں روزانہ 18523 ٹسٹ کئے جارہے ہیں جو ملک میں سب سے زیادہ ہیں۔ اگست میں ملک کے 734 اضلاع میں ٹسٹوں کی تعداد کے اعتبار سے ٹاپ 10 اضلاع کا انتخاب کیا گیا۔ بنگلور اربن کے بعد پونے ، چینائی اور احمد آباد میں زیادہ ٹسٹ کئے جارہے ہیں۔ گنٹور اور کرشنا اضلاع شہری علاقوں پر محیط نہیں ہیں ، اس کے باوجود وہاں ٹسٹوں کی تعداد زیادہ ہے۔ حیدرآباد سے زیادہ ان دو اضلاع میں روزانہ کورونا ٹسٹ کئے جارہے ہیں۔ حیدرآباد میں اوسطاً 8562 ٹسٹ کئے جارہے ہیں۔ پونے میں روزانہ اوسطاً 10333 ، چینائی 10487 ، احمد آباد 9777 ، ممبئی 6060 اورلکھنو میں اوسطاً 5599 ٹسٹ ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ اگست کے مہینہ میں ملک بھر میں دو کروڑ 39 لاکھ 66 ہزار 859 کورونا ٹسٹ کئے گئے ۔ ہر ضلع میں اوسطاً 1053 ٹسٹ روزانہ کئے جارہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت ملک بھر میں ٹسٹوں کی تعداد میں مزید اضافہ کا منصوبہ رکھتی ہے۔