غیر میاپنگ ، نام، پتہ اور عمر کی غلطیوں کی گھر بیٹھے جانچ ممکن، نوٹس لسٹ میںنام نہیں تو ووٹ محفوظ ہے، الیکشن کمیشن کی وضاحت
حیدرآباد۔ 9 ستمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں ووٹر لسٹوں کی جامع نظرثانی (SIR) کے جاری عمل کو شفاف بنانے کی سمت میں ریاستی الیکشن کمیشن نے ایک بڑا اور انقلابی پیشرفت کا مظاہرہ کیا ہے۔ اہم سیاسی جماعتوں کے مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے ان تمام لاکھوں ووٹرس کی تفصیلات اپنی سرکاری ویب سائٹ پر پبلک کے ڈومین میں اپ لوڈ کردی ہیں جنہیں ایس آئی آر عمل کے تحت نوٹس جاری کئے جارہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن حکام ریاست بھر میں جملہ 92.87 لاکھ ووٹرس کو نوٹس جاری کررہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق اس مجموعی تعداد میں سے 60.50 لاکھ ووٹر ایسے ہیں جن کے ڈیٹا میں تکنیکی یا طریقہ کار کی غیر مساوی غلطیاں (Anomalies) پائی گئی ہیں جبکہ 32.36 لاکھ ووٹر ایسے ہیں جو غیر میاپنگ (Non-Mapping) کے زمرے میں آتے ہیں۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر صرف ووٹر لسٹ کا مسودہ تھا جس کی وجہ سے شہریوں کو یہ علم ہی نہیں ہوپاتا تھا کہ آیا ان کا نام نوٹس کی فہرست میں شامل ہے یا نہیں۔ شہریوں کو نوٹس کا پتہ صرف اس وقت چلتا تھا جب بلاک لیول آفیسر خود ان کے گھر آکر نوٹس ان کے حوالے کرتے تھے یا پھرفون کرکے اس کی اطلاع دیتے تھے۔ اس پریشانی کے پیش نظر اہم سیاسی جماعتوں نے الیکشن کمیشن کے اعلیٰ حکام سے بار بار درخواست کی تھی کہ نوٹس پانے والے افراد کی مکمل فہرست ویب سائٹ پر عام کی جائے۔ اب الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام ڈیٹا پورٹل پر فراہم کردیا گیا ہے۔ ویب سائٹ پر چیک کرنے کا طریقہ کچھ اس طرح ہے۔ ووٹرس کو سب سے پہلے چیف الیکٹورل آفیسر (CEO Telangna) کی ویب سائٹ پر جانا ہوگا وہاں فراہم کردہ (Non-Mapping & Anomalies) کے آپشن پر کلک کرکے شہری اپنے متعلقہ پولنگ بوتھ کی سطح پر تمام نوٹس پانے والے افراد کی فہرست دیکھ سکتے ہیں۔ اگر کسی شہری کا نام ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں موجود ہے لیکن الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹس لسٹ میں شامل نہیں ہے تو اس کا مطلب ہے کہ اس کی SIR تفصیلات اور فارم مکمل طور پر درست ہیں۔ ایسے افراد کو الیکشن آفس میں کوئی بھی اضافی شناختی یا تصدیقی دستاویزات جمع کروانے کی ضرورت نہیں ہے اور ان کے نام فائنل ووٹر لسٹ میں خود بخود شامل کردیئے جائیں گے۔ اگر کسی ووٹر کا نام نوٹس ووٹر لسٹ میں ظاہر ہوتا ہے تو اسے الیکشن حکام کی جانب سے بتائی گئی مقررہ تاریخوں اور اوقات پر اپنے شناختی کارڈ اور متعلقہ تصدیقی دستاویزات الیکشن آفیسرس (DEO/ERO) کے سامنے پیش کرنا لازمی ہوگا۔ 2؍F