تلنگانہ کی یونیورسٹیز میں وائس چانسلرس کے تقررات کے لیے گرین سگنل

   

موجودہ وائس چانسلرس کی میعاد 21 مئی کو ختم ، محکمہ تعلیم کی درخواست پر الیکشن کمیشن کا مثبت ردعمل
حیدرآباد۔15۔ مئی (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ریاست تلنگانہ کے 10 جامعات کے وائس چانسلرس کے تقرر ات کے عمل کو جاری رکھنے کے لئے گرین سگنل دے دیا ہے۔ تلنگانہ کی 9جامعات کے وائس چانسلرس کی معیاد 21 مئی کو ختم ہونے جا رہی ہے اور اس طرح 21 مئی کی شام کو تلنگانہ کی 9 جامعات کے سربراہان نہیں رہیں گے جن میں جامعہ عثمانیہ کے وائس چانسلر کی معیاد بھی ختم ہونے جا رہی ہے۔تلنگانہ کی جامعات کے وائس چانسلرس کے تقرر کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے بعد ریاست بھرمیں ان عہدوں کے لئے اہل امیدواروں سے درخواستیں طلب کی جاچکی ہیں اور اس اعلامیہ کے بعد مجموعی طور پر 312 خواہشمندوں نے1380 درخواستیں داخل کی ہیں جن میں بعض موجودہ وائس چانسلرس بھی شامل ہیں۔ ریاستی حکومت کے محکمہ تعلیم کی جانب سے وائس چانسلرس کے انتخاب کے عمل کو پورا کرنے کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن آف انڈیا سے اجازت طلب کی گئی تھی جسے منظوری حاصل ہونے کے بعد کہا جا رہا ہے کہ 21مئی سے قبل حکومت اس عمل کو مکمل کرلے گی۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے طلب کردہ درخواستوں کے بعد کہا جا رہاتھا کہ ریاستی حکومت وائس چانسلرس کی معیاد کی تکمیل سے قبل ہی ان عہدوں پر تقررات کے سلسلہ میں عمل کو مکمل کرلے گی لیکن ملک میں عام انتخابات کے نتیجہ میں وائس چانسلرس کے تقررات کے سلسلہ میں جاری عمل میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے اور اب 21 مئی کو 9جامعات کے وائس چانسلرس کی معیاد مکمل ہونے جار ہی ہے ۔ جن یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کی معیاد مکمل ہونے جا رہی ہے ان میں جامعہ عثمانیہ کے علاوہ کاکتیہ یونیورسٹی ‘ پالمورو یونیورسٹی ‘ مہاتما گاندھی یونیورسٹی ‘ ساتاواہنا یونیورسٹی ‘ پوٹی سری راملو تلگو یونیورسٹی ‘ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی ‘ جواہر لعل نہرو ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی ‘ اور جواہر لعل نہرو آرکیٹکچراینڈ فائن آرٹس یونیورسٹی شامل ہیں۔تلنگانہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو ہٹائے جانے کے بعد یہ عہدہ پرنسپل سیکریٹری محکمہ تعلیم مسٹر بی وینکٹیشم سنبھالے ہوئے ہیں۔ اعلامیہ کی اجرائی کے بعد جو درخواستیں موصول ہوئی ہیں ان کی تفصیلات کے مطابق جامعہ عثمانیہ کے وائس چانسلر کے لئے 193 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جبکہ کاکتیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدہ کے لئے 149 درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ پالمورو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے لئے 159 درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ مہاتما گاندھی یونیورسٹی میں وی سی کے عہدہ کے لئے 157 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ ساتاواہنا کے وی سی کے عہدہ کے لئے 158 درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔تلنگانہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدہ کے لئے 135 درخواستیں وصول ہوئی ہیں تلگو یونیورسٹی کے وی سی کے عہدہ کے لئے 66 درخواستیں داخل کی گئی ہیں اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدہ کے لئے سب سے زیادہ 208 درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ جے این ٹی یو ۔حیدرآباد کے وائس چانسلر کے لئے 106 درخواستیں وصول ہوئی ہیں اور جواہر لعل نہرو فائن آرٹس یونیورسٹی کے لئے سب سے کم 51 درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ ریاستی حکومت کے محکمہ تعلیم کی جانب سے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے رجوع ہونے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ ریاست کی ان جامعات میں وائس چانسلرس کی معیاد تکمیل ہونے سے قبل ان کی جگہ تقررات کے عمل کو پورا کرنے کی اجازت حاصل کی جائے کیونکہ وائس چانسلرس کے تقررات کے سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے 27 جنوری کو اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لاتے ہوئے یونیورسٹی کے اساس پر سہ رکنی سرچ کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی جاچکی تھی اور یہ ایک مسلسل عمل ہے اس پر الیکشن کمیشن کے قواعد بالخصوص انتخابی ضابطہ اخلاق کا اطلاق نہیں ہونا چاہئے ۔بتایاجاتا ہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ریاستی محکمہ تعلیم کی جانب سے کئے گئے استفسار کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے 21جنوری کو جو اعلامیہ جاری کیا تھا وہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ سے قبل کا ہے اور اس عمل میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے کیونکہ یہ معمول کی کاروائی ہے ۔3