پارلیمانی حلقہ جات کی بنیاد پر 17 اضلاع بنانے اور عدالتی کمیشن کی تشکیل پر غور و خوض
وحیدرآباد۔26 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ کے اضلاع میں تخفیف کے سلسلہ میں حکومت کی منصوبہ بندی اور عدالتی کمیشن کی تشکیل کے متعلق اطلاعات نے رئیل اسٹیٹ تاجرین میں تشویش پیدا کردی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ رئیل اسٹیٹ تاجرین تلنگانہ کے اضلاع کی ازسرنو حدبندی اور ان میں کمی کے اقدامات کے حق میں نہیں ہیں کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ نئے اضلاع کی تشکیل کے بعد ان اضلاع کے ہیڈ کوارٹرس کی ترقی اور نئے انفراسٹرکچر کی تعمیر کے سبب ا ن علاقوں کی جائیدادوں کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق حکومت تلنگانہ کی جانب سے تلنگانہ کے 33 اضلاع کو کم کرتے ہوئے انہیں پارلیمانی حلقہ جات کی بنیاد پر 17 اضلاع کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے لیکن اس سلسلہ میں اب تک کسی بھی سرکاری گوشہ سے توثیق نہیں کی گئی حالانکہ کئی خبریں اس کے متعلق گشت کر رہی ہیں جبکہ کوئی بھی سرکاری عہدیدار کی اس کی توثیق کے لئے تیار نہیں ہے۔ رئیل اسٹیٹ تاجرین کا کہناہے کہ عموما اضلاع کی تنظیم جدید سے اراضیات کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جاتا ہے اور اضلاع کے ہیڈ کوارٹرس میں جہاں سرکاری دفاتر اور انفراسٹرکچر کی تعمیر عمل میں لائی جاتی ہے اس کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں جائیدادوں کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جاتا ہے لیکن حکومت کی جانب سے اب جو منصوبہ تیار کیا جا رہاہے وہ رئیل اسٹیٹ تاجرین کے حق میں بہتر نہیں ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ رئیل اسٹیٹ تاجرین کی تنظیموں کے ذمہ داروں کی جانب سے ریاستی حکومت سے اس سلسلہ میں نمائندگی پر بھی غور کیا جا رہاہے کیونکہ حکومت کی جانب سے اضلاع کی تخفیف کے فیصلہ کی صورت میں اضلاع کے ہیڈ کوارٹرس کی ترقی کی راہیں ہموار ہوں گی لیکن دوردراز کے مقامات دوبارہ ترقی سے محروم ہوجائیں گے جس کے نتیجہ میں اراضیات و جائیدادوں کی قیمتوں میں استحکام پیدا ہونے کی گنجائش نہیں ہوگی۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے جو کہ ریاست کے 7 اضلاع پر محیط ہے اس کے حدود میں اراضیات کی قیمتوں میں ہونے والے استحکام پر بھی نئے منصوبہ کے منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ اگر حکومت کی جانب سے اس فیصلہ پر عمل کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں اراضیات کی قیمتوں میں اچھال یا رئیل اسٹیٹ تجارت میں بہتری پیدا ہونے کے امکانات موہوم ہوجائیں گے۔3