تلنگانہ کے محبت کا ماڈل ، بی جے پی کے نفرت ماڈل کا جواب ہے: میناکشی نٹراجن

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دلیرانہ کام کرتے ہوئے ذات پات کا سروے اور بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کیا
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس امور کی انچارج میناکشی نٹراجن نے تلنگانہ میں کرائے گئے ذات پات کے سروے اور بی سی طبقات کو فراہم کئے گئے 42 فیصد تحفظات کو ملک کے لئے رول ماڈل قرار دیا۔ تلنگانہ سے سیاست کو تبدیل کرنے کا بگل بجانے پر چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ۔ دہلی کے جنتر منتر پر منعقدہ کانگریس کے احتجاجی دھرنے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ میناکشی نٹراجن نے کہا کہ ملک کی سیاست میں تبدیلی لانے کا راہول گاندھی نے جو عزم کیا ہے، اس کی شروعات تلنگانہ سے شروع ہوچکی ہے۔ پہلی مرتبہ چیف منسٹر بننے والے ریونت ریڈی نے یہ دلیرانہ کام کر کے دکھایا۔ راہول گاندھی ملک کے کسی بھی حصہ میں کوئی بھی پروگرام میں حاضر ہوتے ہیں تو تلنگانہ کے رول ماڈل کو ملک کے لئے مثالی قرار دیتے ہیں ۔ راہول گاندھی مانتے ہیں کہ موجودہ دور میں ڈیٹا سب سے بڑی طاقت ہے ۔ تلنگانہ میں کرائے گئے ذات پات کا سروے 88 ہزار کروڑ صفحات پر مشتمل ہے۔ تلنگانہ میں حقدار کون ہیں ، اس سروے کے ذریعہ اس کی پہچان ہوئی ہے۔ کانگریس پارٹی کسی سے کوئی مہربانی نہیں کر رہی ہے بلکہ سماج کے تمام طبقات کو ان کے آبادی کے تناسب سے سرکاری اسکیمات میں حصہ دار بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ذات پات کا سروے نفرت کی مہم کے خلاف سب کو ایک دوسرے سے جوڑنے کیلئے کارآمد ثابت ہوگا۔ یہ محبت کا ماڈل ہے۔ بی جے پی نفرت کے ماحول کو فروغ دے رہی ہے ، ملک کے جمہوری اور دستوری نظام کو دباؤ کے تحت منوانے کی کوشش کر رہے ہیں جس کی زندہ مثال بہار ہے جہاں پر لاکھوں ووٹوں کو فہرست رائے دہندگان سے نکال دیا گیا۔ مرکزی حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈالتے ہوئے عوام کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ تلنگانہ ماڈل سماجی انصاف پر مبنی ہے ۔ یہ غلامی یا نفرت کا ماڈل نہیں ہے بلکہ سماجی انصاف کا ماڈل ہے۔ تلنگانہ میں خوا تین سے بھی مکمل انصاف کیا جارہا ہے ۔ حکومت کی جانب سے تمام شعبوں میں خواتین کی مکمل حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔ بسوں میں مفت سفر کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ کانگریس پارٹی تلنگانہ میں پسماندہ طبقات کیلئے 42 فیصد تحفظات حاصل کر کے رہے گی۔ اس تحفظات سے بی سی طبقات کی زندگیوں میں نیا انقلاب آئے گا۔ تلنگانہ کا ماڈل بی جے پی کے نفرت کے ماڈل کا جواب ہے ۔ جو محبت پر مشتمل ہے۔2