تلنگانہ کے 19 اضلاع میں آج بارش کے امکانات

   

ریاست بھر میں آئندہ چار دنوں تک بارش کی پیش قیاسی

حیدرآباد 12 مئی ۔ حیدرآباد کے محکمہ موسمیات نے اطلاع دی کہ تلنگانہ میں آئندہ 4 دنوں تک ہلکی اور موسلادھار بارش کے امکانات ہیں۔حیدرآباد کے محکمہ موسمیات نے کہا کہ پیر 13 مئی کو لوک سبھا انتخابات کی پولنگ کے موقع پر بھی ریاست کے چند اضلاع میں بارش کے امکانات ہیں جن میں اضلاع عادل آباد آصف آباد منچریال ،نرمل نظام آباد، کتہ گوڑم کھمم نلگنڈہ، سوریا پیٹ، رنگاریڈی، حیدرآباد میڑچل، ملکا جگری وقار آباد، سنگاریڈی کاماریڈی، محبوب نگر ناگرکرنول نارائن پیٹ، ونپرتی اور گدوال شامل ہیں۔ ان اضلاع میں 30 تا 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ منگل کو اضلاع عادل آباد آصف آباد، منچریال نرمل نظام آباد جگتیال بھوپال پلی ملگ کتہ ،گورم کھمم نلگنڈہ، سوریا پیٹ محبوب آباد ورنگل ہنمکنڈہ، رنگاریڈی حیدرآباد میڑچل، وقار آباد، سنگاریڈی میدک کاماریڈی، محبوب نگر و نپرتی نارائن پیٹ اور گدوال میں بھی بارش کے امکانات ہیں۔

ملک کے کئی حصوں میں 16 مئی تک بارش کی پیش قیاسی
نئی دہلی: مشرقی، وسطی، جنوبی جزیرہ نما اور شمال مغربی ہندوستان میں اگلے تین سے چار دنوں تک گرج چمک، طوفان اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کی امید ہے ۔محکمہ موسمیات نے اتوار کو کہا کہ شمال مغربی ہندوستان میں 16 مئی سے گرمی کی لہر کا ایک نیا مرحلہ شروع ہونے کا امکان ہے ۔ شمال مغربی ہندوستان میں اگلے تین سے چار دنوں تک بڑے پیمانے پر ہلکی بارش متوقع ہے ۔راجستھان میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے ۔اسی طرح کے موسمی حالات ساحلی آندھرا پردیش اور یانم، تلنگانہ، ٹاملناڈو، پڈوچیری، کرائیکل، کیرالا، ماہے ، کرناٹک، رائلسیما اور لکشدیپ میں 16 مئی تک برقرار رہنے کا امکان ہے ۔12 تا 15مئی کے دوران اروناچل پردیش، آسام، میگھالیہ اور ناگالینڈ میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے ۔ منی پور ، میزورم اور تریپورہ میں12 سے15 مئی کے دوران بارش ہونے کا اندازہ ہے ۔سوراشٹرا اور کچ میں اگلے پانچ دنوں میں گرم اور مرطوب موسم برقرار رہنے کی امید ہے ۔ 16 مئی کو مغربی راجستھان، مغربی اتر پردیش اور جنوبی ہریانہ میں گرمی کی لہر کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔