تلنگانہ کے 4 ہزار عازمین نے پہلی قسط ادا کردی

   

حیدرآباد۔/12 اپریل، ( سیاست نیوز) حج 2023 کے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے تقریباً 4 ہزار عازمین حج نے حج مصارف کی پہلی قسط کی رقم ادا کردی ہے۔ پہلی قسط کے طور پر رقم کی ادائیگی کیلئے آج آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی۔ حج کمیٹی کے ذرائع نے بتایا کہ تلنگانہ سے 5278 عازمین کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا ہے اور پہلی قسط کے طور پر 81 ہزار 800 روپئے کی ادائیگی آن لائن کرنی تھی۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے پہلی قسط کی ادائیگی کیلئے 12 اپریل آخری تاریخ مقرر کی ہے جبکہ عازمین حج کو دستاویزات کی پیشکشی کیلئے 13 اپریل تک مہلت دی گئی ہے۔ پہلی قسط ادا کرنے والے عازمین پے سلپ، دو پاسپورٹ سائز فوٹوز، کوویڈ سرٹیفکیٹ کے علاوہ میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ اور دیگر دستاویزات تلنگانہ حج کمیٹی میں جمع کراسکتے ہیں۔ حج کمیٹی نے عازمین حج کی سہولت کیلئے زائد اسٹاف تعینات کیا ہے۔ مزید تفصیلات کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی سے شخصی طور پر یا پھر فون نمبر 040-23298793 پر ربط پیدا کرسکتے ہیں۔ر