بنکاک؍ ٹوکیو: تھائی لینڈ کی عدالت نے وزیراعظم سریتھا تھاوسین کو عہدہ سے ہٹا دیا جبکہ جاپان کے وزیراعظم فومیو کشیدہ نے ستمبر میں استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔تھائی لینڈ کی عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا وزیراعظم سریتھا تھاوسین نے آئینی حدود اور اخلاقیات کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔ سابق سینٹرز نے وزیراعظم پر اخلاقیات کی خلاف وزری کا مقدمہ دائر کیاتھا۔مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ انہوں نے ایک سابق وکیل کو کابینہ میں عہدہ دیا تھا جو ایک بار جیل میں رہ چکے تھے اور مجرمانہ کارروائی میں ملوث تھے۔ سریتھا تھاوسین 22 اگست 2023 کو تھائی لینڈ کے وزیراعظم بنیتھے۔ وہ ایک سال سے بھی کم عرصہ عہدے پرفائز رہے۔دوسری جانب جاپان کے وزیراعظم فومیو کشیدہ نے ستمبرمیں استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔ ان کے مستعفی ہونے کے ساتھ ان کے غیر مقبول اور معاشی زبوں حالی کے 3 سالہ دور اقتدار کا خاتمہ ہو جائے گا۔ حکمران لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) جو کئی دہائیوں سے تقریباً بلاتعطل حکومت کر رہی ہے، پارٹی میں آئندہ ماہ اپنے قائد کے انتخاب کیلئے مقابلہ ہوگا جس کا فاتح شخص ہی وزیر اعظم بنے گا۔فومیو کشیدا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ پارٹی سربراہ کیلئے بطور امیدار دوبارہ انتخاب میں حصہ نہیں لیں گے۔ فومیو کشیدا نے ٹوکیو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس (پارٹی) کے صدارتی انتخابات میں لوگوں کو یہ دکھانا ضروری ہے کہ ایل ڈی پی بدل رہی ہے اور پارٹی ایک نئی ایل ڈی پی ہے۔