تیز رفتار و بے ہنگم ڈرائیونگ کرنے والے خبردار

   

دہشت گردوں کے زمرہ میں شمار کیا جائیگا۔ کمشنر سائبرآباد
حیدرآباد۔ غیر ذمہ داری اور بے قابورفتار کے ذریعہ گاڑی چلاتے ہوئے اموات کا سبب بننے والے شہریوں کو دہشت گردو ں کے زمرہ میں شمار کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے کیا جو سڑک حادثات کی روک تھام اور اموات پر قابو پانے کے تعلق سے بات کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سڑک پر دہشت مچاتے ہوئے خوف و تباہی انسانی جانوں کی ہلاکت کا سبب بننے والے ذمہ دار شہری نہیں ہوسکتے جنہیں نہ اپنی حفاظت کی فکر رہتی ہے اور نہ ہی دوسرے شہریوں کی۔ انہوں نے کہا کہ سائبرآباد پولیس کے اقدامات اور حکمت عملی کے سبب گذشتہ سال کی بہ نسبت جاریہ سال سڑک حادثات اور اموات میں کمی ہوئی ہے۔ ڈی سی پی ٹریفک سائبرآباد مسٹر وجئے کمار نے کہا کہ سڑک حادثات پر قابو پانے کی ذمہ داری صرف ٹریفک پولیس کی نہیں ہے اور ٹریفک پولیس کے اقدامات کافی نہیں ہوسکتے بلکہ عوام کو بھی اپنی ذمہ داری کا احساس دلانا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ تین برسوں کے تجزیہ کے بعد 124 مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں بلیک اسپاٹ کا نام دیا گیا اور مختلف محکموں سے تال میل کرتے ہوئے ان مقامات پر سہولیات کو پہنچایا گیا جس کے سبب ٹریفک حادثات اور اموات میں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 33 فیصد حادثات قومی شاہراہ پر ہوتے ہیں اور شام 6 بجے تا رات 9 بجے کے درمیان زیادہ حادثات پیش آرہے ہیں۔ گذشتہ سال کی بہ نسبت ٹریفک حادثات میں 23 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی۔ 28 تا29 فیصد پیدل چلنے والے افراد اموات کا شکار ہوتے ہیں جبکہ 55 فیصد موٹر سیکل راں حادثات میں ہلاک ہورہے ہیں۔ بے قابو رفتار اور ناتجربہ کار ڈرائیونگ اور نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے سے زیادہ حادثات پیش آرہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وسائل کی بھی ضرورت ہے۔ گزشتہ پانچ سالوں کے درمیان 12 لاکھ سے زائد نئی گاڑیوں کا رجسٹریشن ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سائبرآباد پولیس کی جانب سے سڑک حادثات پر قابو پانے کے لئے سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ سخت قانونی دفعہ کو لاگو کیا جارہا ہے اور راست طور پر موت کا سبب بننے والی دفعہ کے تحت سخت کارروائی کی جاتی ہے تاکہ سڑک حادثات پر قابو پایا جاسکے چونکہ اکثر حادثات شہریوں کی غلطی اور لاپرواہی کے سبب پیش آرہے ہیں۔