جاپان میں7.1شدت کا زلزلہ‘ بڑے پیمانے پر تباہی

,

   

ایون مال میں زلزلے کے بعد دھماکہ میںکئی ہلاکتوںکا اندیشہ‘ عمارتوں کو نقصان ‘سونامی وارننگ واپس لے لی گئی

ٹوکیو۔ 28؍جولائی (ایجنسیز) جاپان کے جنوب مغربی علاقے میں 7.1 شدت کے طاقتور زلزلے سے بڑے پیمانے پر تباہی اور ہلاکتوںکا اندیشہ ہے۔زلزلہ کے بعد جاری کی گئی ابتدائی سونامی وارننگ واپس لے لی گئی۔شدید زلزلے کے باعث متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں، کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی اور بڑے پیمانے پر نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔میڈیا کے مطابق کیوشو میں سڑکیں، پل اور ریلوے ٹریک شدید متاثر ہوئے ہیں جبکہ کم از کم 50 افراد کو زخمی حالت میں ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے۔متعدد افراد کے زخمی ہونے اور 12 سے زائد مکانات کے منہدم ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔کماموتو ریجن میں 45 ہزار سے زائد گھروں کی بجلی معطل ہو گئی ہے تاہم حکام کے مطابق جوہری بجلی گھروں میں کسی غیر معمولی صورتحال کی اطلاع نہیں ملی۔جاپان کی وزیراعظم سانیے تاکائیچی نے زلزلے سے ہونے والے نقصانات اور زخمیوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔سانیے تاکائیچی نے کہا کہ آفٹر شاکس کے خدشے کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔میڈیاکے مطابق کماموتو میں ایون مال میں زلزلے کے بعد ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں متعدد ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ایک لاکھ50ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے ۔جنوبی کوریا تک زلزلوں کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔جاپان کے پبلک براڈکاسٹر کے مطابق منگل کی سہ پہر جنوب مغربی جاپان میں طاقتور زلزلہ آیا جس سے اس کے مرکز کے قریب آگ بھڑک اٹھی، عمارتوں اور شاہراہوں کو نقصان پہنچا اور درجنوں افراد زخمی ہوئے۔فائر حکام نے بتایا کہ وہ کماموٹو سٹی کے ایک جنوبی محلے میں ایک شاپنگ مال کے اندر پھنسے لوگوں کو بچانے کیلئے پہنچے تھے جب اس کی دوسری منزل گر گئی اور کم از کم دو افراد زخمی ہوئے۔ فضائی فوٹیج سے عمارت کو بڑے پیمانے پر نقصان کا پتہ چلتا ہے۔جاپان کے عوامی نشریاتی اداریکے مطابقکماموٹو میں ایون مال کے جنوب کی طرف سے ایک بڑا دھماکہ ہونے کے لمحے کو دکھایا گیا ہے۔کماموٹو پریفیکچرل پولیس کے مطابق ایک شخص جو ایک منہدم مکان میں پایا گیا تھا اور اسے فوری کماموٹو کے ایک ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں اسے مردہ قراردیا گیا۔جاپان کی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق، کماموٹو میں شدت کے زلزلے کے بعد 1 سے 4 کی شدت کے 60 سے زیادہ آفٹر شاکس آئے ہیں۔امدادی کام انجام دینے والوں کے مطابق ملبہ کے نیچے کئی افراد کے دبے ہونے کا اندیشہ ہے۔