نشہ آور انجکشن فروحت کرنے والے دو نوجوان گرفتار
حیدرآباد : /22 مارچ (سیاست نیوز) ممنوعہ منشیات کے انجکشن فروخت کرنے والے دو نوجوانوں کو چادر گھاٹ پولیس نے گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے منشیات برآمد کرلی ۔ اے سی پی ملک پیٹ سبا رام ریڈی نے بتایا کہ 23 سالہ شیخ سمیر اور 22 سالہ وسیم خان ساکن ملک پیٹ غیرقانونی طور پر Sulphate Mephentermine انجکشن دہلی کے عاصم نامی شخص سے اپنے ایک اور ساتھی مظہر کے ذریعہ خرید رہے تھے ۔ عاصم مظہر کو منشیات کے انجکشن فراہم کیا کرتا تھا اور مظہر ان انجکشن کو سمیر اور وسیم کے حوالے کیا کرتا تھا ۔ پولیس چادر گھاٹ نے دو نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دیگر دو ملزمین عاصم اور مظہر کی پولیس کو تلاش ہے ۔ ب
دو علیحدہ واقعات میں دو نوجوانوں نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی
حیدرآباد : /22 مارچ (سیاست نیوز) لنگر حوض علاقہ میں ایک کم عمر نوجوان نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس کے مطابق 17 سالہ مرزا رحمت بیگ ساکن افسر خان کالونی لنگر حوض انٹرمیڈیٹ کا طالبعلم تھا اور اپنے والدین کے ساتھ مقیم تھا ۔ ہفتہ کی شب نوجوان نے اپنے کمرے میں پنکھے سے پھانسی لیکر خودکشی کرلی اور اس نوجوان کو فوری ایک دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔ پولیس لنگر حوض نے ایک مقدمہ درج کرلیا اور تحقیقات جاری ہے ۔ اسی قسم کے ایک اور واقعہ میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان نے مادھاپور میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس کے مطابق 25 سالہ سمیت کا تعلق پنجاب سے تھا اور وہ ایک لڑکی سے عاشقی کیا کرتا تھا ۔ چند دن قبل معشوقہ نے سمیت سے دوری اختیار کرلی اور اس کا نمبر بھی بلاک کرلیا جس کے نتیجہ میں وہ دلبرداشتہ ہوگیا اور اتوار کی صبح اپارٹمنٹ کی چھت پر اس نے تولیہ سے واٹر ٹینک کو لٹک کر پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس مادھاپور نے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ب
اپارٹمنٹ کی بالکونی منہدم ‘ دو الیکٹریشن ہلاک ۔ ایک زخمی
حیدرآباد : /22 مارچ (سیاست نیوز) شہر کے مصروف ترین علاقہ بیگم پیٹ میتھوڈسٹ کالونی میں اپارٹمنٹ کی بالکونی منہدم ہونے کے نتیجہ میں دو الیکٹریشنس نیچے گرکر ہلاک ہوگئے ۔ جبکہ ایک زخمی ہوگیا ۔ انسپکٹر بیگم پیٹ پولیس این سیدولو کے مطابق 60 سالہ دیویندر اور 30 سالہ پی ویویک ساکن سیتارام باغ آصف نگر کو میتھوڈسٹ کالونی میں ایک اپارٹمنٹ کے مالک دیواکر پرساد نے الیکٹریکل وائرنگ اور دیگر کام طلب کیا تھا ۔ دونوں الیکٹریشن تیسری منزل پر واقع فلیٹ کی بالکونی میں کام کررہے تھے کہ بالکونی کی دیوار اچانک منہدم ہوگئی جس کے نتیجہ میں دیویندر ، وویک اور فلیٹ مالک دیواکر پرساد نیچے گرپڑے ۔ دونوں الیکٹریشنس برسرموقع ہلاک ہوگئے اور پرساد زخمی ہوگیا ۔ پولیس نے وویک اور دیویندر کی نعشوں کو گاندھی ہاسپٹل مردہ خانہ بغرض پوسٹ مارٹم منتقل کیا پرساد کو علاج کیلئے دواخانہ میں شریک کیا گیا ۔ ب
گنڈی پیٹ میں ایک شخص غرقاب
حیدرآباد : /22 مارچ (سیاست نیوز) عثمان ساگر گنڈی پیٹ میں ایک شخص غرقاب ہوگیا ۔ 37 سالہ سرینواسلو ہفتہ کی شب اپنی ماں کے ساتھ عثمان ساگر گیا تھا اس نے نہانے پانی میں چھلانگ لگائی جبکہ ماں تالاب کے کنارے کپڑے دھونے میں مصروف تھی ۔ سرینواسلو پانی میں غرقاب ہوگیا اور بیٹا اچانک لاپتہ ہونے پر ماں نے چیخ و پکار کی جس کے نتیجہ میں مقامی افراد نے فوری پولیس کنٹرول روم کو اطلاع دی ۔ نارسنگی پولیس نے اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی مدد سے نعش کو باہر نکالا اور بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا اور ایک مقدمہ بھی درج کرلیا ہے ۔ ب
وٹے پلی میں غیر قانونی حقہ سنٹر پر دھاوا ۔ 10 افراد زیر حراست
حیدرآباد : /22 مارچ (سیاست نیوز) میلاردیوپلی پولیس نے علاقہ وٹے پلی میں غیرقانونی طور پر ایک مکان میں چلائے جارہے حقہ سنٹر پر دھاوا کرتے ہوئے وہاں موجود 10 افراد کو حراست میں لے لیا اور حقہ سنٹر کے مالک کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے مطابق 23 سالہ محمد تنویر اپنے مکان میں حقہ سنٹر چلارہا تھا اور اس میں سینکڑوں مقامی نوجوان حقہ نوشی کیلئے آتے تھے ۔ پولیس میلاردیوپلی کو مقامی عوام کی شکایت پر وہاں دھاوا کیا گیا اور حقہ سنٹر کے مالک و وہاں پر موجود 10 افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ اس کارروائی میں پولیس نے حقہ اور اس میں استعمال کئے جانے والے اشیاء کو بھی ضبط کرلیا ہے ۔ پولیس نے ملزمین کے خلاف بی این ایس کے دفعات کے علاوہ COPTA Act کے تحت ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ب
ایلورو میں گوداوری ندی سے مزید دو افراد کی نعشیں برآمد
حیدرآباد 22 مارچ (سیاست نیوز) اے پی کے ایلورو ضلع ویلیرو میں گوداوری ندی سے مزید دو افراد کی نعشیں برآمد کرلی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو 5 افراد گوداوری ندی میں لاپتہ ہوگئے تھے اور اس شام تین افراد سریکار گپتا 21 سالہ، ڈی نودیپ 19 سالہ اور پی ابھیرام 19 سالہ کی نعشیں برآمد کی گئی تھیں۔ دیگر 2 افراد پاشم ستیش کمار 20 سالہ اور گوکا تیجنا سائی 19 سالہ بھی مردہ پائے گئے۔ ان دونوں کی نعشیں جائے حادثہ سے تقریباً 8 کیلو میٹر دور ککونور منڈل کے پیداراوی گوڈیم علاقہ کے قریب ساحلی غوطہ خوروں کی مدد سے پولیس نے بازیاب کرلیا۔(ش)