برلن : جرمن چانسلر انجیلا مرکل اور ریاستی وزرائے اعلیٰ آج کورونا پر قابو پانے کے اقدات اور لاک ڈاؤن سے متعلق آئندہ کی حکمت عملی پر بات چیت کر رہے ہیں۔ موجودہ لاک ڈاؤن کی مدت 31 جنوری تک ہے تاہم اس میں توسیع یقینی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کے سائنسی امور کے مشیروں نے پابندیوں میں مزید سختی کا مشورہ دیا ہے۔ گزشتہ شب جرمن وزیر صحت ڑینس اشپاہن نے ٹیلی وڑن چینلز سے بات کرتے ہوئے اشارہ دیا تھا کہ مارچ کے اواخر میں ایسٹر کے تہوار تک پابندیوں میں نرمی کی بجائے مزید اضافہ کرنا پڑے گا۔ آج کے اجلاس میں رات کے کرفیو اور عوامی مقامات پر FFP2 ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دیے جانے پر غور کیے جانے کا امکان ہے۔ رات کے کرفیو کے نفاذ پر مختلف جرمن ریاستوں کے سربراہان حکومت کے مابین واضح اختلافات پائے جاتے ہیں۔