جسمانی درد اور تنفسی نظام کے عوارض سے دنیا کے بیشتر ممالک متاثر

   

2025 میں اہم ممالک کا سروے، ذہنی تناؤ اور ہاضمی نظام کی خرابیوں میں اضافہ کا رجحان
حیدرآباد ۔20۔ اپریل (سیاست نیوز) یوں تو دنیا میں امراض کی تعداد اور اقسام کی کوئی کمی نہیں لیکن سال 2025 میں دنیا کے بڑے ممالک میں عوام کو درپیش عام بیماریوں کا سروے کیا گیا۔ سروے میں اس بات کا انکشاف ہوا کہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ عام عارضہ تکلیف (Pain) کا ہے جو کمر درد، سر درد اور جوڑوں میں درد کو زیادہ تر افراد میں دیکھا گیا۔ جرمنی ، برطانیہ ، امریکہ ، ہندوستان ، میکسیکو اور چین میں عوام کو درپیش عوارض کے معاملہ میں مذکورہ عوارض زیادہ تر پائے گئے۔ دوسرے نمبر پر تنفسی نظام کے مسائل دیکھے گئے جبکہ ذہنی تناؤ اور ہاضمی نظام میں خرابی بھی زائد پائی گئی ۔ جرمنی میں 59 فیصد عارضہ سر درد ، کمر درد اور جوڑوں میں درد پایا گیا جبکہ تنفسی نظام میں مبتلا افراد 45 فیصد پائے گئے جس کے تحت کھانسی ، گلے کے عوارض اور بہتی ناک جیسے مسائل شامل ہیں۔ جرمنی میں 42 فیصد افراد ذہنی تناؤ اور دباؤ کا شکار درج کئے گئے ۔ برطانیہ میں 56 فیصد جبکہ امریکہ میں 52 فیصد افراد سر درد ، کمر درد اور جوڑوں کے درد میں مبتلا پائے گئے ہیں۔ ہندوستان میں یہ عوارض 51 فیصد افراد میں درج کئے گئے جبکہ تنفسی نظام کے عوارض 50 فیصد ہیں۔ 34 فیصد افراد ہاضمی نظام سے متعلق مسائل جیسے گیاسیس، دست و قئے اور دیگر مسائل کا شکار پائے گئے ہیں۔ ان ممالک میں عوام کو درپیش عوارض کی تعداد بھلے ہی مختلف ہو لیکن زیادہ تر افراد ایک طرح کی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ ہندوستان میں تنفسی نظام اور جسمانی تکلیف کے شکار افراد زیادہ پائے گئے۔ ہیلت سے متعلق ماہرین اور اداروں میں اس سلسلہ میں شعور بیداری کی سفارش کی ہے۔m/b/1/k