جعفر حسین سب سے دولتمند مجلسی رکن اسمبلی، احمد بلعلہ دوم

   

قائد مقننہ اکبر اویسی(18.78 کروڑ) کاپارٹی کے دولتمند لیجسلیٹرز میں تیسرا نمبر

حیدرآباد۔15۔ستمبر۔(سیاست نیوز) مجلس اتحاد المسلمین کے 7اراکین اسمبلی میں دولت کے اعتبار سے قائد ایوان مقننہ جناب اکبر الدین اویسی تیسرے نمبر پر آتے ہیں جبکہ ان سے زیادہ دولت رکن اسمبلی یاقوت پورہ جناب جعفر حسین معراج اور ملک پیٹ رکن اسمبلی جناب احمد بلعلہ کے پاس ہے۔ 2023 اسمبلی انتخابات میں اراکین اسمبلی کی جانب سے ان کے پاس موجود دولت کے متعلق فراہم کی گئی تفصیلات کے مطابق مجلس اتحادالمسلمین کے 7 اراکین اسمبلی میں سب سے زیادہ دولت مند رکن اسمبلی جناب جعفر حسین معراج ہیں جنہوں نے مجموعی طور پر33 کروڑ 36 لاکھ روپئے کے اثاثہ جات دکھائے تھے اور ان کے پاس اسمبلی انتخابات 2014 میں 7کروڑ37لاکھ کے اثاثہ جات تھے اور 2018 اسمبلی انتخابات کے دوران ان کی مجموعی دولت 10کروڑ67 لاکھ تھی۔ اسی طرح جناب احمد بن عبداللہ بلعلہ نے 2023 میں 23کروڑ 71لاکھ کے اثاثہ جات ہونے کا دعویٰ کیا تھا اور اس طرح وہ مجلسی اراکین اسمبلی میں دولت کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر ہیں۔انہوں نے سال 2014 اسمبلی انتخابات میں 5کروڑ98 لاکھ کے اثاثہ جات ہونے کا انکشاف کیا تھا اور 2018اسمبلی انتخابات کے دوران پیش کئے گئے حلف نامہ کے مطابق ان کے پاس 13کروڑ57لاکھ روپئے کے اثاثہ جات تھے ۔ دولت کے اعتبار سے جناب اکبر الدین اویسی مجلس اتحادالمسلمین کے رکن اسمبلی کی حیثیت سے تیسرے نمبر پر ہیں ۔ 2023 اسمبلی انتخابات کے دوران انہو ںنے حلف نامہ داخل کیا تھا اس کے مطابق انہوں نے مجموعی طور پر 18 کروڑ 78 لاکھ روپئے کے اثاثہ جات ہونے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ سال 2014 میں انہوں نے 17کروڑ50لاکھ کے اثاثوں کا انکشاف کیا تھا اور اس کے بعد 2018 میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے میں پیش کی گئی تفصیلات میں انہوں نے 24 کروڑ 31لاکھ کے اثاثہ ہونے کا دعویٰ کیا تھا لیکن 2023 کے انتخابا ت میں ان کے اثاثہ جات میں نمایاں کمی ریکارڈ کئے جانے کے بعد ان کے اثاثہ جات 18کروڑ78 لاکھ ہوچکے ہیں۔چوتھے نمبر پر جناب میر ذوالفقار علی رکن اسمبلی چارمینار ہیں ان کے حلف نامہ کے مطابق ان کے مجموعی اثاثہ جات کے اعتبار سے ان کے پاس 10 کروڑ 13 لاکھ ہیں جبکہ پانچویں نمبر پر 2کروڑ51لاکھ کے اثاثہ جات کے ساتھ رکن اسمبلی نامپلی جناب ماجد حسین ہیں اور چھٹویں نمبر پر رکن اسمبلی کاروان جناب کوثر محی الدین ہیں جنہوں نے اپنے مجموعی اثاثہ جات کی مالیت 2کروڑ 36 لاکھ بتائی تھی اور انہوں نے 2014اسمبلی انتخابات میں جو اپنے اثاثہ جات کے متعلق تفصیلات پیش کی تھیں اس کے مطابق ان کے پاس 27لاکھ کے اثاثہ جات تھے اور سال 2018 اسمبلی انتخابات میں انہو ںنے 58 لاکھ کے اثاثوں کی موجودگی کا انکشاف کیا تھا ۔ ساتویں نمبر پر رکن اسمبلی بہادرپورہ جناب محمد مبین ہیں جن کے اثاثوں کی جملہ مالیت 1کروڑ 50لاکھ ہے۔ i/k/3