جمخانہ گرائونڈ اور دھرنا چوک کا تحفظ کانگریس کا کارنامہ

   

لال بہادر اسٹیڈیم میں اسپورٹس کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کا مطالبہ، ہنمنت رائو کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 7 جون (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو نے کہا کہ جمخانہ گرائونڈ پر سکریٹریٹ کی تعمیر کا فیصلہ واپس لینا کانگریس پارٹی کی کامیابی ہے۔ کانگریس نے بائسن پولو گرائونڈ کے تحفظ کے لیے جدوجہد کی تھی اور آخرکار چیف منسٹر کے سی آر نے اپنا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے موجودہ سکریٹریٹ کے مقام پر نئی عمارت کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت رائو نے کہا کہ بائسن پولو گرائونڈ کا تحفظ اور اندرا پارک پر دھرنا چوک کی برقراری کانگریس کی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کئی اہم کھلاڑی جمخانہ گرائونڈ سے تیار ہوئے ہیں۔ اگر وہاں کھیل کود کی سرگرمیوں کو ختم کردیا جاتا تو تلنگانہ میں اسپورٹس کا عملاً خاتمہ ہوجاتا۔ کانگریس نے سابق کھلاڑیوں کے علاوہ عوام سے رائے حاصل کی۔ کھلاڑیوں اور مارننگ واکرس نے گرائونڈ کی برقراری کے حق میں تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر کانگریس عدالت سے رجوع ہوئی تھی۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ وہ سابق وزیر اسپورٹس کی حیثیت سے کے سی آر سے مطالبہ کرتے ہیں کہ لال بہادر اسٹیڈیم میں سیاسی سرگرمیوں کی اجازت بند کریں۔ حکومت اور کسی بھی پارٹی کو جلسوں یا دیگر تقاریب کے انعقاد کے لیے لال بہادر اسٹیڈیم الاٹ نہ کیا جائے کیوں کہ اس سے کھیل کود کی سرگرمیاں متاثر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ گچی بائولی میں سیاسی اور دیگر سرگرمیاں انجام دی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت کھیل کود کے فروغ پر توجہ نہیں دے رہی ہے۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران کے سی آر نے احتجاج کے لیے دھرنا چوک کا بھرپور استعمال کیا لیکن برسر اقتدار آتے ہی اپوزیشن کو احتجاج کے جمہوری حق سے محروم کردیا گیا۔ دھرنا چوک کے بجائے شہر کے مضافاتی علاقہ میں جلسے منعقد کرنے کی صلاح دی گئی۔ دھرنا چوک کی برقراری کے لیے کانگریس کو عدالت سے رجوع ہونا پڑا اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد دھرنا چوک بحال ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نظریاتی طور پر ٹی آر ایس سے اپنی لڑائی جاری رکھے گی لیکن وہ کے سی آر سے اپیل کرتے ہیں کہ ہر ضلع میں اسپورٹس کامپلکس تعمیر کرتے ہوئے ملک کے لیے باصلاحیت کھلاڑیوں کو تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ شیولال یادو، جئے سمہا، اظہر الدین، ثانیہ مرزا، وی وی ایس لکشمن، گوپی چند اور دوسرے نامور کھلاڑی دنیا بھر میں ہندوستان کا نام روشن کرچکے ہیں۔