امپیریل کالج سے شراکت داری پر تبادلہ خیال، تلنگانہ کو بین الاقوامی تعلیمی اور ٹکنالوجی مرکز بنانے کا عزم
حیدرآباد۔ 22 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ کو بین الاقوامی سطح پر تعلیم، ٹکنالوجی اور کھیل کے شعبوں میں ایک نمایاں مرکز کے طور پر فروغ دینے کے لئے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے دورہ برطانیہ کے دوران انتہائی اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ لندن میں ایک طرف جہاں لیور پول سٹی اور فٹبال کلب کے نمائندوں نے چیف منسٹر سے ملاقات کرکے اسٹریٹیجک شراکت داری میں دلچسپی ظاہر کی۔ وہیں دوسری جانب چیف منسٹر کے مشیر کے رام کرشنا راؤ نے عالمی شہرت یافتہ امپیریل کالج آف لندن کا دورہ کرکے تعلیمی و تحقیقی تعاون کے لیے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ لیور پول کا تلنگانہ کے ساتھ اسٹریٹیجک تعاون ہوگا اور اکتوبر میں ٹیم حیدرآباد کا دورہ کرے گی۔ لیورپول سٹی ڈیولپمنٹ اور لیورپول فٹبال کلب کے نمائندوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے خصوصی ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران لیورپول کے وفد نے تلنگانہ حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں شراکت داری کی خواہش ظاہر کی۔ جن میں لائیف سائنسیس اور جدید ٹکنالوجی حیدرآباد کے فارما و آئی ٹی سیکٹر کے ساتھ مل کر کام کرنا شامل ہے۔ اسپورٹس میں فٹبال کی ترقی، کھیلوں کا انفرااسٹرکچر اور نوجوانوں کی تربیت کے موقع پیدا کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ آرٹ اور جدت طرازی پر بھی مبنی اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینا شامل ہے۔ اس ملاقات کے نتیجہ میں طے پایا کہ لیورپول کے نمائندوں کی ایک خصوصی ٹیم اکتوبر میں حیدرآباد کا دورہ کرے گی جس کے دوران معاہدوں پر دستخط کی تیاری کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر کے مشیر کے رام کرشنا راؤ نے لندن میں عالمی شہرت یافتہ ادارہ امپیریل کالج کا دورہ کیا اور وہاں کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں تلنگانہ میں امپیریل کالج کے زیر اہتمام قلیل مدتی اور ایگزیکٹیو ایجوکیشن کورسیس شروع کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ امپیریل کالج نے تلنگانہ کے تعلیمی اداروں کے ساتھ مشترکہ تحریک طلبہ ایکسچیج اور فیکلٹی کے تبادلہ کے پروگرامس میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ رام کرشنا راؤ نے بتایا کہ امپیریل کالج، سائنس ٹکنالوجی، انجینئرنگ، میتھس (STEM) اور بزنس ایجوکیشن کے شعبہ میں شراکت داری سے حیدرآباد میں بین الاقوامی تعلیمی پروگرامس کے نئے راستے ہموار ہوں گے۔ امپیریل کالج کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کے دوران کے رام کرشنا راؤ نے کالج کے اعلیٰ نمائندوں کو حیدرآباد میں منعقد ہونے والی انوسٹ تلنگانہ گلوبل سمٹ میں شرکت کے لئے مدعو کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ عالمی سرمایہ کاری کانفرنس حیدرآباد میں 7، 8 اور 9 ڈسمبر کو منعقد ہوگی جس میں دنیا بھر کے سرکردہ کمپنیوں اور تعلیمی اداروں کے سربراہان شرکت کریں گے۔ 2؍F a/b/