جنوبی کوریا کو 9-0سے ہرا کر اسپین کوارٹر فائنل میں داخل

   

بھونیشور: اسپین نے ایشیائی ٹیم جنوبی کوریا کو 9-0 سے شکست دے کر جونیئر ورلڈ کپ ہاکی ٹورنمنٹ کے پول سی کے کوارٹر فائنلس میں جگہ بنالی ہے۔ آج اتوار کو یہاں کھیلے گئے مقابلے میں اسپین کی جانب سے پیپ کنیل نے 19ویں اور 40ویں منٹ میں، اگناسیو اباجو نے 35ویں اور 44ویں منٹ میں اور پیو کونیل نے 55ویں اور 58ویں منٹ میں دو، دو گول کئے ۔ گئلرمو فارچیونو نے آٹھویں منٹ میں پہلا گول کیا۔ ٹیم کا تیسرا گول 24ویں منٹ میں ایڈورڈ سمو ڈی ایگناسیو نے کیا۔ ٹیم کا دوسرا گول رافیل ولانگا نے 51ویں منٹ میں کیا۔ تین میچوں میں اسپین کی یہ دوسری جیت ہے اور وہ ہالینڈ کے بعد گروپ میں دوسرے نمبر پر رہا۔
پاکستان نے مصر کو 3-1 سے شکست دی
گزشتہ روز ہاکی جونیئر ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں پاکستان نے رضوان علی کی ہیٹ ٹرک کی بدولت مصر کو 3-1 سے شکست دے دی۔ کھیل کا آغاز جارحانہ انداز میں ہوا اور دونوں ٹیموں نے گول کرنے کیلئے تابڑ توڑ حملے کیے۔ رضوان علی نے میچ کے 19 منٹ میں پنالٹی کارنر پر پہلا گول داغ دیا جس کے بعد 32 ویں منٹ اور 53 ویں منٹ میں مزید دو گول کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔ مصر کے عواد حسین نے میچ کے 22 ویں منٹ میں فیلڈ گول کرکے پاکستان کے مارجن کو کم کیا۔ مصر کے گول کیپر محمد سلیم نے عمدہ مظاہرہ کیا۔ پاکستان کے جونیئر کھلاڑیوں نے بھی بہتر کھیل پیش کیا اور مصری گول پوسٹ پر کئی مرتبہ گیند پہنچانے کی کوشش کی۔ پاکستان کے نائب کپتان معین شکیل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ معین شکیل نے میچ کے بعد کہا کہ ٹیم اپنے کوچ کے احکامات پر عمل کیا اور پنالٹی کارنرز پر فائدہ اٹھایا۔ ہاکی جونیئر ورلڈ کپ میں 16 ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ بھونیشور کے کالینگا اسٹیڈیم میں جاری جونیئر ورلڈ کپ کا آغاز 24 نومبر کو ہوا اور یہ 5 دسمبر تک جاری رہے گا۔ پاکستان پول ڈی میں ہے جہاں ارجنٹینا، مصر اور جرمنی شامل ہیں۔ پاکستان کو 24 نومبر کو گروپ کے پہلے میچ میں جرمنی کے ہاتھوں 2-5 سے شکست ہوئی تھی جبکہ گروپ میں وہ اپنا آخری میچ ارجنٹینا سے کھیل رہا ہے۔