نئی دہلی۔ 2 جون (یو این آئی) محکمۂ موسمیات نے آج کہا کہ جنوب مغربی مانسون آئندہ چار جون کو کیرلا میں دستک دے سکتا ہے ۔ مانسون کی پیشرفت اور ملک بھر کے موسم کے حوالے سے تفصیلی ریلیز میں بتایا گیا کہ اس وقت جنوب مغربی مانسون کے بحیرۂ عرب، لکشدیپ، کیرالا، ٹاملناڈو اور خلیج بنگال کے کچھ اور حصوں میں آگے بڑھنے حالات مکمل سازگار ہیں۔ اس کے اثر سے آئندہ 6 سے 7 دنوں میںکیرلا میں مخْتلف مقامات پر شدید بارش کا قوی امکان ہے ، جہاں 7 سے 20 سینٹی میٹر تک پانی برس سکتا ہے ۔ اس کے علاوہ ٹاملناڈو اور کرناٹک کے کچھ حصوں میں بھی بھاری بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے ۔ محکمہ نے خبردار کیا کہ اس ہفتے کے بیشتر دنوں میں شمال مغرب، وسطی، مشرقی اور جنوبی ہندوستان کے کئی حصوں میں موسم خراب رہ سکتا ہے ۔ ان علاقوں میں 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواؤں کے ساتھ درمیانی سے شدید گرج چمک اور بارش کا امکان ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں لکشدیپ میں انتہائی بھاری بارش ہوئی ، جبکہ مشرقی راجستھان، مغربی مدھیہ پردیش اور گجرات میں بھی بھاری بارش ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی اوڈیشہ، اتر پردیش، مغربی مدھیہ پردیش، مغربی راجستھان اور گجرات میں 70 سے 95 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفانی ہوائیں چلیں۔ اتراکھنڈ اور مراٹھواڑہ میں ان ہواؤں کی رفتار 50 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی، جبکہ انڈمان و نکوبار، مغربی بنگال، سکم، ہماچل پردیش اور ٹاملناڈو میں 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار سے ہوائیں درج کی گئیں۔ اس دوران راجستھان، ہماچل پردیش، مغربی مدھیہ پردیش اور مراٹھواڑہ میں کچھ مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی، جبکہ مغربی راجستھان اور مدھیہ پردیش میں دھول بھری آندھی چلی۔ کل وسطی مشرقی ہندوستان، شمالی جزیرہ نما ہندوستان، جنوب مغربی راجستھان ، سوراشٹرا، کچھ اور مہاراشٹر کے کچھ حصوں میں اعظم ترین درجۂ حرارت 38 سے 42 ڈگری کے درمیان رہا، جبکہ ملک کے باقی حصوں میں یہ 38 ڈگری سے نیچے ہی بنا رہا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کا سب سے زیادہ درجۂ حرارت تلنگانہ عادل آباد میں 44.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ ملک کے کچھ حصوں جیسے اروناچل پردیش، آسام، میگھالیہ، سکم اور ساحلی کرناٹک میں دن کا درجۂ حرارت معمول سے تین سے پانچ ڈگری زیادہ درج کیا گیا۔ وہیں جموں و کشمیر، لداخ اور ہماچل پردیش میں رات کا کم سے کم درجۂ حرارت معمول سے کافی زیادہ رہا، جبکہ بہار، اوڈیشہ، مغربی بنگال، راجستھان اور شمال مشرق کی ریاستوں میں بھی یہ معمول سے 1.6 سے تین ڈگری زیادہ پایا گیا۔ ملک کے باقی حصوں میں درجۂ حرارت معمول یا معمول سے کم بنا ہوا ہے ۔