جنگ سے متاثرہ یوکرین میں تریپورہ کے چار طلبا ہنوزپھنسے ہوئے

   

اگرتلہ: تریپورہ کے چار طلبا اب بھی جنگ سے متاثرہ یوکرین میں پھنسے ہوئے ہیں جبکہ 24دیگر طلبا یوکرین کی سرحد پر دوسرے ممالک میں چلے گئے ہیں یا اپنے گھر واپس آرہے ہیں۔تریپورہ کے اطلاعات کے وزیر سوشانت چودھری نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے اب تک یوکرین میں پھنسے 33طلبا کی شناخت کی ہے ۔ ان میں سے پانچ طلبا گزشتہ دو دنوں میں وطن واپس آئے ہیں۔وزیر نے ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اب ریاست کے صرف چار طلبا یوکرین میں پھنسے ہوئے ہیں لیکن وہ تمام محفوظ مقامات پر ہیں۔وزارت خارجہ یوکرین اور دیگر پڑوسی ممالک کی مدد سے ‘آپریشن گنگا’ کے تحت تما م ہندستانی شہریوں کو نکال رہی ہے ۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ریاستی یونٹ نے طلبا کی بحفاظت واپسی کی سہولت کے لئے کنبوں اور حکومت کے ساتھ کوآرڈی نیشن قائم کرنے کے لئے پارٹی کے ریاستی نائب صدر راجیو بھٹاچاریہ کی صدارت میں تین رکنی کمیٹی قائم کی ہے ۔