آج کی رکاوٹیں کل میری کامیابی کا باعث بنیں گی ۔ قیام گاہ پر قائدین کا تانتا
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے ہائی کورٹ کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ میرے الفاظ تحریر کرلیں ۔ ہم ان ناکامیوں کے خلاف مضبوطی سے واپسی کریں گے ‘۔ کے ٹی آر نے سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ جھوٹ مجھے نقصان نہیں پہونچا سکتے اور میرے خلاف جو جھوٹے الزامات عائد کئے گئے ہیں وہ مجھے پست نہیں کرسکتے ۔ کوئی بھی کارروائی میری تقدیر بدل نہیں سکتی اور نہ ہی گمراہ کن سازشیں میرا منہ بند کرسکتی ہیں ۔ میرے لیے آج کی رکاوٹیں کل کے لیے کامیابی کا سبب بنیں گی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ وہ عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ انصاف کی بالادستی ہوگی ۔ انہوں نے سچائی کے لیے جو لڑائی شروع کی ہے وہ دنیا کے لیے گواہ بن کر ابھرے گی ۔ فارمولہ ای کار ریسنگ کیس کے معاملے میں ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد کے ٹی آر نے اپنی قیام گاہ نندی نگر میں لیگل ٹیم کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کا جائزہ لیا ہے ۔ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد بی آر ایس کے کیڈر میں الجھن اور فکر دیکھی جارہی ہے ۔ پارٹی کے اہم قائدین سابق وزراء سبیتا اندرا ریڈی ، جگدیش ریڈی ، وی پرشانت ریڈی کے علاوہ بی آر ایس کے ارکان اسمبلی ، پارٹی کے قائدین شیخ عبداللہ سہیل ، امتیاز اسحاق کے علاوہ دوسرے قائدین ، کے ٹی آر کی قیام گاہ پہونچکر ان سے ملاقات کی اور اس مصیبت کی گھڑی میں پوری طرح ساتھ ہونے کا یقین دلایا ۔۔ 2