طلبہ بہتر مستقبل کیلئے حوصلہ مندی کا مظاہرہ کریں، مختلف مقابلوں میںکامیاب طلبہ میں انعامات کی تقسیم
حیدرآباد۔/11 جنوری، ( سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے کہا کہ جی۔20 کی صدارت سے ہندوستان کو عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل ہوا ہے۔ ہندوستان اپنی انفرادیت اور خاص طور پر کثرت میں وحدت کے نظریہ کو دنیا بھر میں پیش کرسکتا ہے۔ گورنر راج بھون میں ریاستی سطح کے مختلف مقابلوں میں کامیاب امیدواروں میں انعامات کی تقسیم کے موقع پر خطاب کررہی تھیں۔ جی۔20 کی صدارت کے موضوع پر راج بھون کی جانب سے طلبہ کیلئے مختلف مقابلے منعقد کئے گئے تھے۔ گورنر نے طلبہ کی غیر معمولی حصہ داری کی ستائش کی اور کہا کہ جی۔ 20 میں ہندوستان کے رول پر طلبہ نے غیر معمولی کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی۔20 کا اصل نعرہ ’’ساری دنیا ایک خاندان‘‘ ہے۔ ہندوستان نے ایک زمین، ایک خاندان اور ایک مستقبل کا نظریہ پیش کیا ہے۔ جی۔ 20 کی صدارت کے ذریعہ ہندوستان کئی طاقتور ممالک کی قیادت کررہا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی شناخت دراصل مجاہدین آزادی کے خوابوں کی تکمیل ہے۔ گورنر نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے نشانہ کی تکمیل کی راہ میں چھوٹے چیلنجس سے دل شکستہ اور مایوس نہ ہوں۔ انہوں نے والدین اور اساتذہ کو مشورہ دیا کہ طلبہ میں خود اعتمادی کے ذریعہ صلاحیتوں کو اجاگر کریں۔ گورنر نے تحریری اور تقریری مقابلوں کے علاوہ پوسٹر کی تیاری کے مقابلوں میں انعامات تقسیم کئے۔ ر
مختلف یونیورسٹیز کے 500 طلبہ نے مقابلوں میں حصہ لیا تھا۔ عثمانیہ یونیورسٹی فیکلٹی ارکان نے ججس کے فرائض انجام دیئے۔ ر