حالت نشہ میں ڈرائیونگ کرنے والے 44 افراد جیل منتقل

   

حیدرآباد ۔ 31 مئی (سیاست نیوز) حیدرآباد ٹریفک پولیس نے نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف جاری مہم میں 44 افراد کو جیل منتقل کردیا۔ 24 تا 30 مئی کے دوران منعقدہ خصوصی مہم میں پولیس نے اقدام کیا۔ شہر کے مختلف چوراہوں اور اہم راستوں پر گاڑیوں کی تلاشی اور گاڑی چلانے والوں کی جانچ کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے اور انہیں عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے 44 افراد کو جیل منتقل کردیا۔ اس دوران حیدرآباد ٹریفک پولیس نے جملہ 1025 مقدمات کو درج کیا جن میں 1022 مرد اور 2 خواتین کے علاوہ ایک دیگر شامل ہے۔ حیدرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے کی گئی کارروائی میں سب سے زیادہ 846 موٹر سائیکل راں، 44 آٹو رکھشا، 134 کاریں اور ایک ہیوی وہیکل شامل ہیں جبکہ زیادہ تر افراد 21 تا 30 سال عمر کے پائے گئے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق 18 تا 20 سال عمر کے 13 افراد ،21 تا 30 سال عمر کے 435 ، 41 تا 40 سال کے 338 ، 41 تا 50 سال عمر کے 166 اور 51 تا 60 سال عمر کے 67 اور 61 سال سے زائد عمر کا ایک شہری حیدرآباد ٹریفک پولیس کی کارروائی کا شکار بنا۔ حیدرآباد ٹریفک پولیس کے مطابق نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف مہم سے حادثات کی روک تھام اور اموات کی روک تھام کے علاوہ ٹریفک مسائل کی یکسوئی کو یقینی بناتے ہوئے شہریوں کی حفاظت اور سلامتی کو اولین ترجیح دینا ہے۔ع