حجاج کرام خود کو مذہبی اور سیاسی نعروں سے دور رکھیں: سعودیہ

   

مکہ مکرمہ۔ 11 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے حج بیت اللہ کے لیے آنے والے مہمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ حج کے موقع پر اپنی توجہ مقدس مقامات کی روحانیت کی برکات سمیٹنے، مناسک حج کی ادائیگی اورفریضہ حج کی تعلیمات پرعمل پیرا ہونے پر مرکوز رکھیں اورہرقسم کے مذہبی اور سیاسی نعرہ بازی سے خود کو دْور رکھیں۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق گذشتہ روز سعودی کابینہ کے اجلاس کے بعد جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حجاج کرام کا سیاسی، مسلکی اور فرقہ وارانہ نعروں میںملوث ہونا مناسب نہیں۔ اس طرح کے تصرفات کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہوں گے۔ اگر کسی شخص یا گروپ کی طرف سے حج کے موقع پر سیاسی نعرے بازی اور فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کی گئی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی’ایس پی اے’ کے مطابق کابینہ کے اجلاس کے بعد جاری ہونے والا بیان وزیر اطلاعات ترکی بن عبداللہ شبانہ نے پڑھ کر سنایا۔