کرنول میں قرعہ اندازی ، 8 خادم الحجاج روانہ ہوں گے، صدرنشین حج کمیٹی غوث الاعظم نے نگرانی کی
حیدرآباد۔2 ۔ مئی (سیاست نیوز) حج 2022 ء کے لئے آندھراپردیش میں 1201 عازمین کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا۔ کانفرنس ہال ضلع کلکٹریٹ کرنول میں قرعہ اندازی کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ صدرنشین آندھراپردیش حج کمیٹی بی ایس غوث الاعظم نے قرعہ اندازی کا افتتاح کیا۔ ریاستی حج کمیٹی کو 1416 عازمین کی درخواستیں موصول ہوئیں اور ایک شیرخوار کی درخواست بھی شامل ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے مسلم آبادی کے اعتبار سے آندھراپردیش کے لئے 1201 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا۔ اس موقع پر پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود محمد امتیاز آئی اے ایس ، رکن اسمبلی کرنول عبدالحفیظ خاں ، رکن کونسل سی اسحاق باشاہ اور حج کمیٹی کے ارکان عطااللہ ، منظور احمد ، اردو اکیڈیمی کے ارکان سید نوراللہ قادری ، عبدالشکور اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی ایل عبدالقادر نے قرعہ اندازی کے انتظامات کی نگرانی کی ۔ منتخب عازمین حج کی تفصیلات حج کمیٹی کے ویب سائیٹ پر رکھی گئی ہیں اور عازمین حج کو ایس ایم ایس کے ذریعہ اطلاع دی گئی۔ آندھراپردیش سے خادم الحجاج کے طور پر خدمات انجام دینے کیلئے 2022 درخواستیں موصول ہوئیں۔ درخواستوں کی جانچ اور شرائط کے مطابق تکمیل کرنے والے 36 امیدواروں کو اہل قرار دیا گیا اورقرعہ اندازی کے ذریعہ 8 خادم الحجاج کا انتخاب عمل میں آیا ۔ دو خادم الحجاج کا تعلق وقف بورڈ اور حج کمیٹی سے ہے ۔ صدرنشین حج کمیٹی بی ایس غوث الاعظم نے منتخب عازمین سے خواہش کی ہے کہ وہ پہلی قسط کی رقم 81,000 روپئے کی ادائیگی سے متعلق پے سلپ کے علاوہ پاسپورٹ ، فٹنس سرٹیفکٹ ، ایک پاسپورٹ سائز فوٹو گراف اور دیگر دستاویزات 6 مئی تک حج کمیٹی میں جمع کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کیلئے تمام تر سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مالی امداد کی اسکیم کیلئے درخواستوں کی جلد یکسوئی کی جائے گی۔ کمزور مالی موقف والے عازمین کو حکومت کی جانب سے مالی تعاون فراہم کیا جاتا ہے۔ر