حد بندی بل ‘ مرکز کے عزائم

   

یہ عذرِ امتحانِ جذبِ دل کیسا نکل آیا
ہم الزام ان کو دیتے تھے قصور اپنا نکل آیا
حد بندی بل ‘ مرکز کے عزائم
حلقہ جات کی از سر نو حد بندی کے مسئلہ پر مرکزی حکومت نے اپوزیشن کے اندیشوں کے مطابق اچانک ہی بڑا فیصلہ کرلیا ہے اور پارلیمنٹ کا سشن طلب کرتے ہوئے اس بل کو منظور کروانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے ۔ حالانکہ اس تعلق سے ابھی تک کوئی باضابطہ ایحنڈہ سشن کا جاری نہیں کیا گیا ہے تاہم مرکزی کابینہ کا ایک اجلاس آج وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں اس تعلق سے فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔ فیصلے کے مطابق ملک کی تمام ریاستوں میںلوک سبھا نشستوں کی تعداد 50 فیصد تک بڑھا دی جائے گی اور جو نئی حد بندی ہوگی وہ آئندہ پچیس برس کیلئے ہوگی ۔ یعنی 2051 تک حلقہ جات کی حد بندیاں تبدیل نہیں ہونگی اور نہ ہی تعداد میں کوئی کمی یا بیشی ہوگی ۔ مرکزی حکومت کے عزائم پہلے ہی سے واضح ہونے لگے تھے جب پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کو باضابطہ ختم کرنے کے احکام جاری نہیں کئے گئے تھے حالانکہ سشن ختم ہوگیا تھا ۔ اپوزیشن جماعتیں مسلسل یہ شبہات ظاہر کر رہی تھیں کہ حکومت حلقہ جات کی از سر نو حد بندی کا بل پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے حالانکہ اس بل کو لوک سبھا میں پہلے بھی شکست ہوچکی ہے ۔ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات سے قبل یہ بل پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا تھا جہاں اپوزیشن جماعتوں نے اپنے اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے بل کو شکست دینے میں اہم رول ادا کیا تھا ۔ اب بھی یہ بل ایسے وقت پیش کیا جا رہا ہے جب اترپردیش سمیت ملک کی سات ریاستوں میںا سمبلی انتخابات کا وقت قریب آنے لگا ہے ۔ جہاںسیاسی جماعتیں اپنی اپنی انتخابی حکمت عملی کو قطعیت دینے میں مصروف ہیں وہیں بی جے پی کی جانب سے ایک طرح سے پارلیمنٹ کا اپنی انتخابی تشہیر کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے ۔ حکومت کو اس بار اس بل کو منظور کروانے کا یقین ہونے لگا ہے کیونکہ اس کے مطابق اس نے کئی علاقائی جماعتوں میں توڑ جوڑ کی کوشش کی ہے اور وہ یقین رکھتی ہے کہ اسے کئی جماعتوں کی تائید حاصل ہوگی ۔ اپوزیشن جماعتیں بھی اس معاملے میں اپنی حکمت عملی کا جائزہ ضرور لیں گی ۔
حکومت جس اعتبارسے حلقہ جات کی از سر نو حد بندی کا بل تیار کر رہی ہے اورا س کو منظور کروانے کیلئے جو ہتھکنڈے اختیار کئے جا رہے ہیں وہ اس کی پوشیدہ عزائم کی عکاسی کرتے ہیں۔ حکومت اس بل کو کھلے عام واضح کرنے کی بجائے اس کو خواتین تحفظات بل سے جوڑتے ہوئے ملک کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور از سر نو حد بندی کے بل کے تعلق سے عوام کو مطلع نہیں کیا جا رہا ہے ۔ اس بات کو ذہن نشین رکھنے کی ضرورت ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ایک سے زائد مرتبہ یہ اعلان کرچکے ہیں کہ بی جے پی آئندہ پچیس برس تک ملک میں حکومت کرے گی ۔ اب جس طرح سے مرکزی کابینہ نے حلقہ جات کی تعداد میں پچاس فیصد تک اضافہ کرنے اور اس حد کو آئندہ 25 سال تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اس سے بی جے پی کے عزائم واضح ہوجاتے ہیں۔ بی جے پی جمہوری عمل کی دھجیاں اڑاتے ہوئے محض اپنے اقتدار کو یقینی بنانے کی جدوجہد کر رہی ہے اور اسی لئے اس طرح سے قوانین تیار کئے جا رہے ہیں جن سے اپوزیشن جماعتوں کو مسلسل نقصان ہو ۔ اس کے علاوہ ایک بات بہت واضح ہوجائے گی کہ ملک کی سیاست اور حکمرانی میں شمالی ہند کا غلبہ مزید بڑھ جائے گا اور اس کے نتیجہ میں جنوبی ہند کی ریاستوں کی حصہ داری مزید کم ہوجائے گی ۔ یہ حصہ داری پہلے ہی بہت کم ہے اور نئے بل کے ذریعہ اس حصہ داری کو مزید کم کردیا جائے گا ۔
مرکزی حکومت کے ایجنڈہ کواور عزائم کو کس حد تک کامیابی ملتی ہے یہ ابھی کہا نہیں جاسکتا تاہم جس طرح سے بی جے پی حکومت کی جانب سے تیاری کی گئی ہے اور جس طرح سے پارلیمنٹ اجلاس کو ختم کرنے سے گریز کیا گیا تھا اس سے حکومت کی پر اعتمادی کا اظہار ہوتا ہے ۔ توڑ جوڑ میں مہارت رکھنے والی حکومت نے کتنی تائید حاصل کی ہے اس کا اندازہ پارلیمنٹ میں ہی ہوگا تاہم اپوزیشن جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھی فوری حرکت میں آئیں اور حکومت کے عزائم کو شکست دینے کی موثر حکمت عملی تیار کریں۔